• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خیبر پختونخوا: جانوروں سے انسانوں کو لگنے والی بیماریوں کے تدارک کیلئے قانون سازی کا فیصلہ

خیبر پختونخوا میں جانوروں سے انسانوں کو لگنے والی بیماریوں کے تدارک کےلیے قانون سازی کرنے کافیصلہ کیا گیا ہے۔

صوبائی اسمبلی میں وزیر لائیو اسٹاک فضل حکیم نے جانوروں کی بیماریوں کے تدارک کےلیے بل ایوان میں پیش کیا۔ صوبائی وزیر نے مجوزہ قانون کو دیگر کئی محکموں کی منظوری کے بعد اسمبلی میں پیش کیا۔

بل میں کہا گیا کہ ڈی جی لائیو اسٹاک کی سربراہی میں 13رکنی کمیٹی قائم کی جائے گی، جو جانوروں کی 16بیماریوں اور ان کے تدارک کے لیے مقامات کا تعین کرے گی۔

مجوزہ بل میں مزید کہا گیا کہ کمیٹی مرحلہ وار جانوروں کی بیماریوں پر دیگر محکموں کو اعلامیہ جاری کرے گی اور مختلف اضلاع اور علاقوں میں جانوروں کی بیماریوں پر ویٹرنری آفیسر متعین کرے گی۔

بل میں یہ بھی کہا گیا کہ ویٹرنری آفیسر بیمار جانوروں، ان کے فارموں کو تحویل میں لے کر جرمانہ عائد کریں گے اور جانوروں کے گوشت، دودھ اور ان سے تیار دیگر اشیاء کو تلف کریں گے۔

مجوزہ بل میں کہا گیا کہ ویٹرنری آفیسر بیمار جانوروں کے مالک پر 20 ہزار روپے تک کا جرمانہ عائد کرسکے گا۔

قومی خبریں سے مزید