• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایپکس کمیٹی میں آرمی چیف نے علی امین گنڈاپور سے کیا کہا ؟ وزیر دفاع نے بتا دیا



وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ ایپکس کمیٹی میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا  علی امین گنڈاپور سے کہا کہ تحریک عدم اعتماد کے بعد سے بانی پی ٹی آئی نے جتنے بھی جلسے کیے اُنہیں اجازت دی گئی، لیکن انتشار کی کسی کو بھی اجازت نہیں دی جائے گی۔

جیو نیوز کے پروگرام "آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ" میں گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ  احتجاج اور وائلنس میں فرق معلوم ہے، پی ٹی آئی احتجاج کی کامیابی کے دور دور تک آثار نہیں، پی ٹی آئی کی انتشار کی کوشش کا یہ آخری راؤنڈ ہوگا۔

خواجہ آصف نے کہا کہ حکومت نے کسی مرحلے پر بیرسٹر گوہر یا علی امین کو نہیں کہا بانی رہا ہو رہے ہیں، اس وقت بانی پی ٹی آئی کے ساتھ ہماری کوئی انگیجمنٹ نہیں، بانی پی ٹی آئی نے صورتحال کو غلط سمجھا تو ان کا قصور ہے، ہمارا نہیں۔

وزیر دفاع نے کہا کہ آپ کنپٹی پر پستول رکھ کر مذاکرات کی بات نہیں کر سکتے، کے پی حکومت ایک بار پھر پنجاب اور اسلام آباد پر حملہ آور ہو رہی ہے، اس صورتحال میں حکومت سے پی ٹی آئی کو ریلیف دینے کی توقع نہیں ہونی چاہیے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ حکومت کو اس وقت پی ٹی آئی کے احتجاج سے کوئی خوف نہیں، حکومت نے بیرسٹر  گوہر یا گنڈاپور کو کوئی دلاسہ نہیں دیا۔

قومی خبریں سے مزید