وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے آج کراچی میں مصروف ترین دن گزارا ہے۔
وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کراچی میں شیر شاہ چوک تا مرزا آدم خان انٹر چینج سڑک کا افتتاح کر دیا۔
اس موقع پر ان کے ہمراہ صوبائی وزراء، شرجیل میمن، ناصر حسین شاہ، سعید غنی، علی حسن زرداری اور وقار مہدی بھی تھے۔
مراد علی شاہ نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ دو رویہ سڑک کی تعمیر پر 90 کروڑ 15 لاکھ سے زیادہ لاگت آئی ہے، سڑک کے ساتھ نکاسی کا نظام بھی تبدیل کیا گیا ہے، تعمیراتی کام 92 فیصد سے زیادہ مکمل ہو چکا ہے۔
اس کے بعد وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نارتھ ناظم آباد پہنچے اور وہاں عبداللّٰہ کالج تا قلندریہ چوک سڑک کی تعمیرِ نو کا افتتاح کیا۔
مراد علی شاہ نے اس موقع پر کہا کہ 6.15 کلو میٹر دو رویہ سڑک کی تعمیرِ نو کی گئی ہے، 4.35 کلو میٹر تک دونوں طرف سروس روڈ کی تعمیرِ نو کی گئی ہے۔
اُنہوں نے بتایا کہ اس منصوبے پر 3 ارب 36 کروڑ، 77لاکھ روپے سے زیادہ لاگت آئی، منصوبے سے نارتھ ناظم آباد اور نارتھ کراچی کے درمیان ٹریفک کی روانی بہتر ہو گی۔
اس کے بعد وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سخی حسن پہنچے جہاں اُنہوں نے کیفے پیالہ تا راشد منہاس روڈ سڑک کی تعمیرِ نو کا افتتاح کیا۔
اُنہوں نے سڑک کا افتتاح کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایاکہ یہ دو رویہ سڑک 4 کلو میٹرز سے زیادہ طویل ہے اور اس کی تعمیر پر 92 کروڑ 13 لاکھ روپے لاگت آئی ہے۔