• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شعبۂ سائنس میں ترقی کیلئے ڈیجیٹلائزیشن ضروری ہے: احسن اقبال

احسن اقبال ---- فائل فوٹو
احسن اقبال ---- فائل فوٹو

وفاقی وزیر احسن اقبال کا کہنا ہے کہ سائنس کے شعبے میں ترقی کے لیے ڈیجیٹلائزیشن ضروری ہے۔

تھری ڈی پرنٹنگ اینڈ ویکیوم ٹیکنالوجی سے متعلق عالمی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستانی نوجوان جدید ٹیکنالوجی سے خود کو مستفید کر رہے ہیں، نوجوان نسل کو نئے تصورات پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ تھری ڈی پرنٹنگ کے شعبے میں جدید رجحانات متعارف کرائے جا رہے ہیں، ہمارے علاقے قدرتی وسائل سے مالا مال ہیں، اپنے خام مال کو جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے دنیا کے سامنے پیش کر سکتے ہیں۔

احسن اقبال نے کہا کہ عالمی مارکیٹوں میں ہمارے خام مال کی طلب بڑھ رہی ہے، ملک کی معاشی مضبوطی کے لیے ہمیں اپنے خام مال کی بہتر مارکیٹنگ کرنی ہے۔

انہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تحقیق کے شعبے میں بہتری لا کر نئے رجحانات سے فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے۔

وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ ہمیں اپنی لائبریریوں اور لیبارٹریوں کو جدید ٹیکنالوجی سے ہم کنار کرنا ہو گا، جامعات کو اپنے تحقیق کے شعبوں کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے پر توجہ مرکوز کرنی چاہیے۔

احسن اقبال کا یہ بھی کہنا ہے کہ دفاع سے متعلق تحقیق کے رجحانات میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے، حکومت تحقیق اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں اقداما ت اٹھا رہی ہے، آج خلائی ٹیکنالوجی کا تجارتی بنیادوں پر استعمال ہو رہا ہے، کسی بھی شعبے کی تیز تر ترقی کے لیے ٹیکنالوجی کا استعمال ناگزیر ہے۔

قومی خبریں سے مزید