امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے کہا ہے کہ اسرائیل ایران کشیدگی کو روکنے کا عزم رکھتے ہیں، امریکا غزہ کے متاثرین کیلیے 13 کروڑ 50 لاکھ امریکی ڈالرز کی امداد دے گا۔
قطر کے وزیراعظم و وزیر خارجہ شیخ محمد کے ساتھ دوحہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ لبنان میں جنگ کو طول نہ دینے کیلئے اسرائیل پر زور دیا ہے۔
انٹونی بلنکن نے کہا غزہ سے اسرائیلی فورسز کا انخلا یقینی بنانے کیلئے منصوبہ سازی ضروری ہے۔ موجودہ صورتحال غزہ جنگ کے خاتمے اور اسرائیلی یرغمالیوں کی واپسی کیلئے سازگار ہے۔
امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ جنگ رکنی چاہیے، غزہ کے شہریوں کو امدادی سامان کی سخت ضرورت ہے۔
انھوں نے کہا غزہ میں امدادی سامان کی بروقت تقسیم کیلئے اسرائیل پر زور دیا ہے۔ اسرائیل نے غزہ میں مقررہ اہداف پالیے ہیں۔
انٹونی بلنکن نے کہا اسرائیلی کارروائیوں سے 7 اکتوبر 2023 جیسا حملہ دوبارہ ہونے کے امکانات معدوم ہوگئے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ قطری حکام کے ساتھ غزہ میں فلسطینی حاکمیت اور قیام امن پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
انٹونی بلنکن کے مطابق لبنان جنگ کے تمام فریق اقوام متحدہ کی قرار داد 1701 کی مکمل پاسداری کریں۔
انھوں نے کہا صدارتی خلاء کو پُر کرنے کیلئے لبنان کے تمام جماعتوں کی مدد کریں گے۔