• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عالمی ثقافتی میلہ: تقریب تقسیم انعامات، جیو اور انور مقصود کیلئے ایوارڈز


آرٹس کونسل کراچی میں جنگ اور جیو کے اشتراک سے سجے عالمی میں تقریب تقسیم انعامات کا انعقاد کیا گیا، جس میں جیو اور انور مقصود کو ایوارڈز سے نوازا گیا۔

ورلڈ کلچرل فیسٹیول کے 31ویں روز آرٹس کونسل پاکستان کراچی میں مختلف ممالک کی ثقافت کے رنگ نظر آئے۔

وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ بطورِ مہمان خصوصی آج کی تقریب میں شریک ہوئے جبکہ دیگر مہمان گرامی میں متحدہ عرب امارات (یو اے ای)، ترکیہ، جاپان اور جنوبی کوریا کے قونصل جنرلز بھی شریک ہوئے۔

اس دوران جیو کو عالمی ثقافتی سرگرمیوں کا حصہ بننے پر ایوارڈ دیا گیا جبکہ نامور ادیب اور مزاح نگار انور مقصود کو لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ دیا گیا۔

اسی طرح جرمنی، چین، برطانیہ، روس سمیت دیگر ممالک کے فنکاروں کو بھی ایوارڈز دیے گئے۔

تقریب سے خطاب میں انور مقصود نے کہا کہ 44 ممالک کی ثقافت کو جمع کرنا بہت بڑی بات ہے، پاکستان کا پوری دنیا میں مثبت امیج اُجاگر ہو رہا ہے۔

مہمان خصوصی وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے فیسٹول کے کامیاب انعقاد پر آرٹس کونسل کو سراہا۔

انکا کہنا تھا کہ ساری دنیا میں سیاست ایک جیسی ہوتی ہے لیکن کلچر الگ الگ ہوتا ہے، سارے کلچرز کو ایک جگہ جمع کرنا بڑی کامیابی ہے۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ اگلا فیسٹیول شکارپور میں ہوگا۔ وزیراعلیٰ کی اس بات پر قہقہے لگ گئے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید