• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کشمیریوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی: وزیرِ اعظم شہباز شریف

وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف—فائل فوٹو
وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف—فائل فوٹو

وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کا کہنا ہے کہ کشمیریوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔

یوم سیاہ کشمیر کے موقع پر جاری کیے گئے پیغام میں شہباز شریف نے کہا ہے کہ 77 سال قبل آج کے دن بھارت نے سرینگر پر اپنی افواج اتار کر کشمیر کے ایک بڑے حصے پر قبضہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ بھارت نے کشمیریوں کی حق خودارادیت کی جائز خواہش کو دبایا ہے، بھارت یو این سلامتی کونسل کی قراردادوں کے تحت اپنی ذمے داریاں پوری کرنے میں ناکام رہا ہے۔

شہباز شریف کا کہنا ہے کہ کشمیریوں کی قربانیوں کو دل کی گہرائیوں سے خراج تحسین پیش کرتا ہوں، بھارت 5 اگست 2019ء سے مقبوضہ کشمیر پر گرفت مضبوط کرنے کے لیے یکے بعد دیگرے اقدامات کر رہا ہے۔

وزیرِ اعظم نے کہا کہ بھارت کے مذموم عزائم کا مقصد مقبوضہ کشمیر کی متنازع حیثیت کو نقصان پہنچانا ہے، بھارت کا مقصد کشمیری عوام کو مستقبل کا فیصلہ کرنے کے ان کے جمہوری حق سے محروم کرنا ہے۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ پاکستان نے ہمیشہ کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ اپنی غیر متزلزل یکجہتی کا اظہار کیا ہے، پاکستان جموں و کشمیر کے تنازع کے حتمی حل تک اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا۔

قومی خبریں سے مزید