ایئر پورٹ سیکیورٹی فورس (اے ایس ایف) کے عملے نے اسلام آباد اور پشاور ایئر پورٹس پر کارروائیاں کرتے ہوئے مسافروں سے بالترتیب 1.166 کلو گرام اور 1.210 کلو گرام آئس ہیروئن برآمد کر لی۔
حکام کے مطابق اسلام آباد ایئرپورٹ پر دوحہ کی پرواز پر اے ایس ایف کے عملے نے مسافر شیر خان اور پشاور ایئر پورٹ پر جدہ کی پرواز پر مسافر اقبال حسین کے سامان میں منشیات کی موجودگی کی نشاندہی کی۔
اسلام آباد میں مسافر نے مذکورہ منشیات ٹرالی بیگ کی اندرونی تہوں میں جبکہ پشاور میں یہ منشیات مٹھائی میں مہارت سے چھپائی گئی تھی۔
ملزمان کو ابتدائی تفتیش کے بعد مزید قانونی کارروائی کے لیے برآمد شدہ منشیات کے ساتھ اے این ایف حکام کے حوالے کر دیا گیا۔