امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ نریندر مودی نے مقبوضہ کشمیر کا خصوصی درجہ چھین کر اس پر قبضہ کرلیا ہے۔
لاہور میں صحافیوں سے گفتگو اور سرگودھا میں جلسے سے خطاب میں حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ بھارت کا مقبوضہ کشمیر میں ظلم ختم نہیں ہو رہا، مودی سرکار نے اہل کشمیر پر مظالم کی حد کردی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، اس پر کسی قسم کی سودے بازی قبول نہیں کریں گے۔
امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ کشمیری کہتے ہیں کہ پاکستان سے ہمارا ایمان کا تعلق ہے۔ اہل کشمیر کی جدوجہد کو نہیں بھلاسکتے، ہر حوالے سے ان کی مدد کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل نے غزہ کو ملبے کا ڈھیر بنادیا لیکن اہل غزہ اور حماس کی طاقت کو توڑ نہ سکا۔
حافظ نعیم الرحمان نے یہ بھی کہا کہ فلسطینی ڈٹ کر کھڑے ہیں، صیہونیوں کے قبضہ کو برداشت نہیں کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ حکمران پوری قوم سے جھوٹ بولتے ہیں، انہوں نے کسانوں کو بھی مایوس کیا، کھاد مہنگی مل رہی ہے جبکہ چاول کی کاشت 40 فیصد تک کم ہوگئی۔