• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دنیا اپنی ذمہ داری مزید نظر انداز نہیں کرسکتی، صدر آصف زرداری

صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ دنیا اپنی ذمہ داری کو مزید نظر انداز نہیں کرسکتی ہے۔

صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار یوم سیاہ کمشیر پر عالمی برادری کے نام اپنے پیغام میں کیا اور کہا کہ کئی دہائیوں سے بھارت کے جابرانہ ہتھکنڈوں کے باوجود کشمیری عوام اپنی آزادی کی جدوجہد پر قائم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عالمی برادری بھارت کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو روکے، دنیا اپنی ذمہ داری کو مزید نظر انداز نہیں کر سکتی۔

اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے کشمیری عوام کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ آج ہی کے دن بھارت نے کشمیر کے بڑے حصہ پر قبضہ کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ 77 سال قبل آج کے دن بھارت نے سری نگر پر اپنی افواج اتار کر کشمیر کے ایک بڑے حصے پر قبضہ کیا اور 5 اگست 2019ء سے مقبوضہ کشمیر پر اپنی گرفت مضبوط کرنے کےلیے یکے بعد دیگرے اقدامات کیے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ پاکستان کشمیریوں کی مکمل اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے عالمی برادری سے کشمیریوں کے حقوق کےلیے اپنا کردار ادا کرنے کی اپیل کی اور کہا کہ کشمیر کا مستقبل روشن ہے، یقین ہے کہ جبر کے خلاف ڈٹے کشمیریوں کی قربانیاں ضرور رنگ لائیں گی۔

اپنے خطاب میں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ سیکیولر اسٹیٹ کے دعویدار ہونے کے باوجود بھارت کشمیری عوام کے حق خودارادیت کو تسلیم کرنے سے کتراتا ہے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قرار دادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کرنے پر زور دیا۔

وزیر اعلی خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے کہا کہ خطے کا امن مسئلہ کشمیر کے حل سے وابستہ ہے۔

قومی خبریں سے مزید