• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قوم مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم پر دکھی ہے، فضل الرحمان

It Is Sad To Indian Atrocities In Kashmir Fazl
کشمیر کمیٹی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ نائن الیون کے بعد پاکستان دہشت گردی کی جنگ کا حصہ بنا تو مسئلہ کشمیر پس منظر میں چلا گیا، پوری پاکستانی قوم مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم پر دکھی ہے۔

چیئرمین کشمیر کمیٹی مولانا فضل الرحمان کا اسلام آباد میں حریت کانفرنس کے زیر اہتمام یوم الحاق پاکستان سے متعلق سیمینار میں خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی کا محور مسئلہ کشمیر ہے،لیکن آزادی کی تحریکوں کو دہشت گردی قرار دیا جا رہا ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ بھارت 40 سال سے زائد عرصے سے مذاکرات سے فرار حاصل کر رہا ہے، دنیا ناراض ہولیکن کشمیر کے معاملے پر ہم اتنے بانجھ کیوں ہیں کہ اپنے موقف پر دنیا کو آگاہ بھی نہیں کر سکتے ۔

سینٹ میں قائد ایوان راجہ ظفر الحق کا کہنا تھا کہ پاکستانی سیاستدانوں اور حکومت کو مسئلہ کشمیر کے تناظر میں بھارت کے ساتھ اپنا رویہ بدلنا ہو گا،ہم آلو، پیاز اور چینی بھارت سے منگواتے ہیں اور دوسروں سے توقع رکھتے ہیں کہ وہ ان سے رویہ سخت رکھیں گے، بھارت کو اپنی ناراضگی کا احساس دلانا ہو گا۔

سیمینار کے مشترکہ اعلامیے میںمقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہوئے عالمی برادی سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ کشمیریوں کا قتل عام رکوائے، مقبوضہ کشمیر کی خراب صورتحال پر پاکستانی پارلیمنٹ کا مشترکا اجلاس، آل پارٹیز کانفرنس اور عالمی کانفرنس بلانے پر بھی اتفاق کیا گیا، تقریب میں شہدا ئے کشمیر کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔

دوسری جانب لاہور پریس کلب میں بھی یوم الحاق کشمیر پر سیمینار اہتمام کیا گیا جس میں سیاسی رہنماؤں تاجروں اور وکلا ء نے شرکت کی۔

شرکاءکا کہنا تھا کہ کشمیر کی آزادی ہر پاکستانی کے دل کی آواز ہے،پاکستانی عوام کشمیریوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں،کشمیری شہدا کا خون ضرور رنگ لائے گا،مقبوضہ کشمیر میں حالیہ تشدد کی لہر میں 50 سے زائد کشمیر شہید ہو چکے ہیں،کشمیر کا مسئلہ جلد سے جلد حل ہونا چاہیے۔

مقررین نے مطالبہ کیا کہ اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کے ادارے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم وستم کا فوری نوٹس لیں،کشمیر کے ایشو پر عالمی برادری کی خاموشی سمجھ سے باہر ہے۔

لاہورہائیکورٹ بارکے زیر اہتمام بھی یوم الحاق کشمیر پر سمینار کے انعقاد کیا گیا، بار کے صدر رانا ضیاء کا کہناتھاکہ پاکستان کے عوام کشمیرکاز کےلیے ہرقربانی دینے کو تیار ہیں۔ سمینار میں شہدائے کشمیر کے لیے خصوصی دعا کرائی گئی۔
تازہ ترین