پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن رکن نادیہ کھر نے اپنی گرفتاری پر اسپیکر ملک محمد احمد خان کو مخاطب کرلیا۔
صوبائی اسمبلی میں اپنی گرفتاری پر نادیہ کھر نے تقریر کی اور کہا کہ پی ٹی آئی کے احتجاج سے واپس آئی تو پولیس میرے گھر پہنچی ہوئی تھی۔
انہوں نے کہا کہ میری آنکھوں پر پٹی باندھی گئی تو پولیس سے پوچھا کیا آپ کے پاس اسپیکر پنجاب اسمبلی کا خط ہے؟
نادیہ کھر نے استفسار کیا کہ اسپیکر صاحب آپ نے کہا تھا کہ میری اجازت کے بغیر کوئی گرفتاری نہیں ہوگی؟
اس پر اسپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ آپ جو گرفتاری کی بات کررہی ہیں، میں آپ سے زیادہ اس کی مذمت کرتا ہوں۔ میں کسی کو رولز 77 کی خلاف ورزی کرنے کی اجازت نہیں دوں گا، پرامن احتجاج آپ کا آئینی حق ہے۔
ملک محمد احمد خان نے یہ بھی کہا کہ بے ایمان نہیں ہوں، دوسرے صوبے سے اٹھ کر کوئی امن و امان خراب کرے گا تو ایکشن ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ یقین دلاتا ہوں، پولیس نے پر امن احتجاج کرنے والوں کے خلاف کچھ کیا تو سخت ایکشن لوں گا، آپ کے پر امن احتجاج میں تشدد آیا تو کارروائی کرنا پولیس کا حق ہے۔