سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات میں لاہور سے عاصمہ جہانگیر گروپ کےامیدوار میاں رؤف عطا صدر جبکہ حامد خان گروپ کے سلمان منصور سیکریٹری کی نشستوں پر جیت گئے۔
غیر حتمی نتائج کے مطابق سپریم کورٹ بار کے الیکشن میں صدارت کیلئے امیدوار میاں رؤف عطا لاہور سے 588 ووٹوں لےکر کامیاب ہوئے۔ ان کے مدمقابل پروفیشنل گروپ کے منیر کاکڑ کو 484 ووٹ ملے۔
سیکریٹری کے عہدے پر سلمان منصور نے 632 ووٹ حاصل کئے جبکہ ان کے مدمقابل انڈیپنڈنٹ گروپ کے زاہد اسلم کو 401 ووٹ ملے۔
میاں رؤف عطا کی کامیابی پر اُن کے حامیوں نے جشن منایا اور مٹھائی بانٹی۔
سپریم کورٹ بار کے سابق صدر احسن بھون کا اپنے خطاب میں کہنا تھا کہ پارلیمان کو آئین بنانے کا حق ہے، پارلیمان سپریم ہوتی ہے۔
میاں رؤف عطا نے کہا کہ انھوں نےہمیشہ آئین و قانون کی بالادستی کیلئے جدوجہد کی ہے اور آئندہ بھی یہ جدوجہد جاری رکھیں گے۔