وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) شیزا فاطمہ خواجہ نے کراچی میں گورنر سندھ کامران ٹیسوری سے ملاقات کی ہے۔
گورنر ہاؤس کراچی میں ہونے والی ملاقات میں کامران ٹیسوری نے کہا کہ جدید دور میں آئی ٹی اینڈ کمیونیکیشن ترقی کی بنیاد ہیں۔
انہوں نے کہا کہ گورنر اینیشیٹیو پروگرام کے تحت گورنر ہاؤس میں آئی ٹی کورسز جاری ہیں، اس کا دائرہ پورے صوبے تک پھیلا یا جارہا ہے۔
کامران ٹیسوری نے بتایا کہ پروگرام پچھلے سال شروع کیا، مارکی ساڑھے 24 ہزار اسکوائر فٹ پر ہے، 50 ہزار بچے آئی ٹی کی کلاسز میں زیر تعلیم ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی طالب علم سے کوئی فیس چارج نہیں کی جارہی ہے، ہم نے کبھی طلباء سے سیاست پر بات نہیں کی ،آئی ٹی کے طلباء کو کراچی یونیورسٹی سند دے گی۔
اس دوران وزیر مملکت انفارمیشن ٹیکنالوجی نے گورنر ہاؤس میں قائم آئی ٹی مارکی کا دورہ کیا اور طلبا سے ملاقات کی۔