امیرِ جماعتِ اسلامی کراچی منعم ظفر نے کہا ہے کہ سائفر لیک سنا تھا، سندھ میں پیپر لیک ہونا معمول بن گیا ہے۔
ادارۂ نورِ حق کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 22 ستمبر کو پورے پاکستان میں ایم ڈی کیٹ کے امتحانات ہوئے، صوبائی حکومت کی نااہلی کی وجہ سے ہزاروں طلبہ مشکل سے گزر رہے ہیں۔
منعم ظفر نے کہا کہ پچھلے سال بھی ایم ڈی کیٹ کا پیپر 2 بار لیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ کراچی میں سڑکیں اپنی کہانی آپ سنا رہی ہیں، مرتضیٰ وہاب کہتے ہیں کہ کراچی سب سے زیادہ ٹیکس دیتا ہے، وزیرِ اعلیٰ سندھ بتائیں زیادہ ٹیکس دینے والے شہر کو مسائل کا سامنا ہو تو کون ذمے دار ہے؟
منعم ظفر نے کہا کہ کراچی شہر میں پیسوں یا موبائل کے لیے لوگ مارے جاتے ہیں، 12 سے 14 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے، کے الیکٹرک کو نوازا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 2 ماہ پہلے جو بارشوں سے صورتِ حال ہوئی اس سے شہر اب تک نہیں سنبھل پایا، سعید غنی کی 4 یو سیز میں کام ہو رہے ہیں، ان کے لیے یہ 4 یو سیز ہی پورا کراچی ہیں۔