ترجمان دفترِ خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا ہے کہ ہم سمجھتے ہیں کہ احتجاج شائستگی کے دائرہ کار میں ہونا چاہیے، پاکستانی ہائی کمیشن بعض شخصیات کو اخلاقی بنیاد پر سہولت دیتا ہے۔
اسلام آباد میں ہفتہ وار بریفنگ کے دوران ترجمان دفترِ خارجہ سے برطانیہ میں سابق چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف احتجاج سے متعلق سوال کیا گیا جس پر انہوں نے جواب دیا کہ ہم اس معاملے پر تحقیقات کر رہے ہیں۔
ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف آج صبح قطر کے دارالحکومت دوحہ پہنچے ہیں، نائب وزیرِ اعظم اسحاق ڈار بھی ان کے ہمراہ ہیں، وزیرِ اعظم امیر قطر سمیت اہم قطری حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔
ترجمان نے کہا کہ وزیرِ اعظم قطر میں دو طرفہ تجارت اور سرمایہ کاری سے متعلق ملاقاتیں کریں گے، اس سے قبل انہوں نے سعودی عرب کا دورہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کسی 2 ممالک کے درمیان تبادلوں پر تبصرہ نہیں کرتے، 2019ء میں پاکستان نے بھارت کے ساتھ تجارت معطل کی تھی جو برقرار ہے، امریکا کے انتخابات میں پاکستان کی کوئی پوزیشن نہیں۔