بکاخیل بنوں میں شہید ہونے والے پاک فوج کے افسر اور جوانوں کو آبائی علاقوں میں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کردیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق افسر اور جوان خوارج کے خلاف آپریشن میں بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوئے تھے۔
31 سال کے میجر عاطف خلیل شہید سدھنوتی آزاد کشمیر میں فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کردیے گئے۔
36 سال کے نائیک آزاد اللّٰہ شہید کو ضلع کرک میں، 35 سال کے لانس نائیک غضنفر عباس کو ضلع لیہ میں سپرد خاک کیا گیا۔
میجر عاطف خلیل شہید کی نماز جنازہ میں کور کمانڈر راولپنڈی اور کور کمانڈر پشاور نے شرکت کی۔ نماز جنازہ اور تدفین میں اعلیٰ عسکری و سول حکام، فوجی جوانوں، شہدا کے لواحقین اور عمائدین علاقہ نے بھی شرکت کی۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ہمارا عزم و حوصلہ بلند ہے، شہدا کی عظیم قربانیاں دہشتگردی سے جنگ میں ہماری طاقت ہیں۔