وزیرِ اعلیٰ علی امین گنڈاپور نے ڈی چوک اسلام آباد میں احتجاج کے دوران پکڑے گئے ریسکیو 1122 خیبر پختون خوا کے اہلکاروں کی رہائی کے بعد انہیں سی ایم ہاؤس بلا لیا۔
وزیرِ اعلیٰ نے ریسکیو اہلکاروں کا استقبال کیا، ان پر گل پاشی کی اور رہا ہونے والے ریسکیو اہلکاروں کو ون اسٹیپ پروموشن اور ایک ماہ کی تنخواہ دینے کا اعلان کیا۔
وزیرِ اعلیٰ علی امین گنڈاپور نے 42 ریسکیو اہلکاروں کو سی ایم ہاؤس بلایا تھا جن میں فائر فائٹرز، ڈرائیورز، میڈیکل ٹیکنیشنز اور دیگر عملہ شامل ہے۔
ڈی جی ریسکیو 1122 محمد ایاز خان نے ’جیو نیوز‘ سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ وزیرِ اعلیٰ نے رہا ہونے والے ریسکیو اہلکاروں کی ون اسٹیپ پروموشن اور 1 ماہ کی اضافی تنخواہ دینے کا اعلان کیا ہے۔
محمد ایاز خان نے بتایا کہ ریسکیو کے 6 اہلکار اب بھی قید ہیں، وزیرِ اعلیٰ علی امین گنڈاپور کے مشکور ہیں کہ ریسکیو اہلکاروں کی حوصلہ افزائی کی۔
انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعلیٰ نے ریسکیو اہلکاروں کے الاؤنسز بڑھانے اور ریٹائرمنٹ کی عمر 50 سے 60 سال کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔