مردان کے سوکے گاؤں میں 5 سال کی بچی کے قتل کے الزام میں چچی کو گرفتار کر لیا گیا۔
ایس پی انویسٹی گیشن نثار خان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ ملزمہ کے اعترافِ جرم کے بعد اسے گرفتار کر لیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ملزمہ نے اعترافِ جرم کرتے ہوئے قتل کی وجہ مقتولہ کی والدہ سے جھگڑے کو قرار دیا۔
ایس پی انوسٹی گیشن کا کہنا ہے کہ ملزمہ کو شک کی بنیاد پر شاملِ تفتیش کیا گیا تھا، تاہم میڈیکل رپورٹ بچی کے ساتھ زیادتی کی طرف بھی اشارہ کر رہی تھی۔
ان کا کہنا ہے کہ ابھی لاہور سے فارنزک رپورٹ آنا باقی ہے، واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔
واضح رہے کہ 28 اکتوبر کو 5 سالہ بچی کو قتل کر کے لاش اس کے گھر کے سامنے پھینک دی گئی تھی۔