قومی اسمبلی میں پی ٹی آئی اراکین کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں ہونے سے متعلق توجہ دلاؤ نوٹس پیش کیا گیا۔
وزیرِ قانون اعظم نذیر تارڑ نے توجہ دلاؤ نوٹس کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے نام نکالنے کے لیے نظرِ ثانی ہوتی ہے، دعوے سے کہہ سکتا ہوں کہ نظرِ ثانی کا معاملہ آئین اور قانون کے مطابق دیکھتے ہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ آپ کی جتنی لسٹ ہے، اس کی اسکروٹنی کر کے دے دیں گے، اگر پہلے سے بتاتے تو اسکروٹنی کر کے آتا اور یہاں بتا دیتا۔
اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ اگر کسی کی ضمانت ہو چُکی ہے تو اس کو دیکھا جائے گا۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ جو گڑھا کسی کے لیے کھودا جاتا ہے بعد خود ہی اس میں گرتے ہیں، اس روایت کو مل جل کر ختم کرنا پڑے گا، میثاقِ جمہوریت کے بعد حالات بہت بہتر ہو گئے تھے۔
وزیرِ قانون اعظم نذیر تارڑ نے یہ بھی کہا کہ کچھ لائنوں کی نظرِ ثانی درخواست فائل کریں تاکہ معاملہ دیکھا جائے۔