اعلیٰ عدلیہ میں ججز تقرری کے لیے جوڈیشل کمیشن کی تشکیل کے معاملے پر اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے سپریم جوڈیشل کمیشن کو خط لکھ دیا۔
قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کے مطابق اسپیکر ایاز صادق نے پارلیمانی جماعتوں کی جوڈیشل کمیشن میں نامزدگی کر دی ہے۔
سیکریٹریٹ کا کہنا ہے کہ جوڈیشل کمیشن کے لیے قومی اسمبلی سے اپوزیشن لیڈر عمر ایوب اور مسلم لیگ ن کے شیخ آفتاب نامزد ہیں۔
قومی اسمبلی کے ترجمان کے مطابق سینیٹ سے جوڈیشل کمیشن کے لیے فاروق نائیک اور شبلی فراز نامزد ہیں جبکہ خاتون کی نشست پر روشن خورشید بروچہ نامزد ہیں۔
ترجمان قومی اسمبلی کا کہنا ہے کہ تمام نامزدگیاں سیکریٹری جوڈیشل کمیشن کو بھجوا دی گئی ہیں، 26 ویں ترمیم کی منظوری کے بعد جوڈیشل کمیشن میں 5 اراکینِ پارلیمنٹ شامل ہیں۔
ترجمان نے بتایا ہے کہ پارلیمنٹ سے بھجوائے گئے ناموں میں حکومت اپوزیشن کی برابر کی نمائندگی ہے، تمام نامزدگیاں سپریم کورٹ کو موصول ہو گئی ہیں۔