• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مرتّب : ڈاکٹر محمّد سہیل شفیق

صفحات: 120، ہدیہ: 400 روپے

ناشر:جہانِ حمد پبلی کیشنز، نوشین سینٹر، سیکنڈ فلور، کمرا نمبر 19، اردو بازار، کراچی۔

فون نمبر : 2831089 - 0300

جہانِ نعت معروف نعت گو اور نعت خواں، مسرور کیفی کی یاد میں کراچی سے شائع ہونے والا نعتیہ کتابی سلسلہ ہے، جس کے مدیر مرحوم کے برادرِ اصغر، رمضان میمن ہیں، جو پیرانہ سالی اور محدود وسائل کے باوجود فروغِ نعت کے لیے کوشاں ہیں۔ 

جہانِ نعت کی جانب سے جو خصوصی شمارے منظرِ عام پر آئے، اُن کی تفصیل کچھ یوں ہے: مسرور کیفی نعت نمبر، بہزاد لکھنوی نعت نمبر، پروفیسر اقبال عظیم آبادی نعت نمبر، اسلام آباد میں نعتیہ ادبی سرگرمیاں، نقشِ نعلین حضورؐ ، علّامہ اختر الحامدی نعت نمبر، غلام حیدر ناز نعت نمبر، مولانا محی الدّین نعت نمبر، روداد کُل پاکستان حمد و نعت کانفرنس اور عبدالرشید ساقی حمد و نعت نمبر۔ 

زیرِ نظر اشاریہ جہانِ نعت کے تاحال شائع ہونے والے 13شماروں کا مکمل اشاریہ ہے، شعبہ اسلامی تاریخ جامعہ کراچی کے سربراہ، ڈاکٹر محمّد سہیل شفیق نے ترتیب دیا ہے۔ مختلف علمی، ادبی و تحقیقی رسائل و جرائد کی اشاریہ سازی کے ضمن میں ڈاکٹر سہیل شفیق کی خدمات لائقِ تحسین ہے۔ 

وہ اِس سے قبل ماہ نامہ’’ معارف‘‘ (اعظم گڑھ)، کتابی سلسلے’’ نعت رنگ‘‘ کراچی، شش ماہی’’ التفسیر‘‘ کراچی، شش ماہی’’ الایّام‘‘ کراچی، ماہ نامہ’’ ارمغانِ حمد‘‘ کراچی، کتابی سلسلے’’ جہانِ حمد‘‘ کراچی اور ماہ نامہ’’ کاروانِ نعت‘‘ لاہور کے اشاریے بھی ترتیب دے چُکے ہیں۔