مصنّف : محمّد حذیفہ رفیق
صفحات: 212، قیمت: درج نہیں
ناشر: رمز پبلشرز، شاہ زیب سینٹر، اردو بازار، کراچی۔
ایک زمانے میں تاریخی کہانیاں بڑے پیمانے پر لکھی گئیں۔ اِس حوالے سے نسیم حجازی کا نام بہت اہم ہے، جب کہ اِن کے علاوہ بھی کئی نام ہیں، جنھوں نے نہایت خوش اسلوبی سے یہ فریضہ سرانجام دیا۔ زیرِ نظر کتاب کے مصنّف کراچی کے ایک عالمِ دین، مولانا محمّد رفیق کے صاحب زادے ہیں۔ وہ نوجوان ہیں، اِس لیے ان کی کہانیوں کا بنیادی موضوع نوجوان ہی ہیں۔
زیرِ نظر کتاب میں تاریخی واقعات، کہانیوں کی صُورت پیش کیے گئے ہیں، جن میں حالات کی منظر کشی بھی کی گئی ہے۔ یہ تاریخی کہانیاں اُمّتِ مسلمہ میں ایمانی اور اخلاقی اقدار بے دار کرتی ہیں۔ کتاب کی ایک امتیازی خصوصیت یہ ہے کہ اِس میں جغرافیائی لحاظ سے بہت معلومات دی گئی ہیں، نقشے شامل کیے گئے ہیں، تو حواشی میں بھی جغرافیائی امور کی وضاحت کی گئی ہے۔
اکثر واقعات عربی کی تاریخی کتب سے لیے گئے ہیں، جب کہ معاصرین کی کتب سے بھی استفادہ کیا گیا ہے اور ان سب کتابوں کی تفصیل آخری صفحات پر موجود ہیں۔ مصنّف نے اسلامی تاریخ کے 22سبق آموز اور دل چسپ گوشے نمایاں کیے ہیں۔ بلاشبہ ایک نوجوان کی یہ پہلی کاوش قابلِ تحسین ہے۔کتاب آرٹ پیپر پر نہایت سلیقے سے شائع کی گئی ہے۔