پاکستان اور آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان 3 ون ڈے انٹرنیشنل میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ آج ایم سی جی میلبورن میں کھیلا جائے گا۔
میزبان کینگروز کو ون ڈے سیریز میں پیٹ کمنز لیڈ کریں گے جبکہ محمد رضوان پاکستانی ٹیم کی قیادت کرینگے۔
میچ کا آغاز پاکستانی وقت کے مطابق صبح 8 بجکر 30 منٹ پر ہوگا۔
پاکستانی ٹیم ایک سال بعد ون ڈے انٹر نیشنل کھیل رہی ہے، گرین شرٹس نے کینگروز پر پوری طاقت سے حملہ آور ہونے کیلئے چار فاسٹ بولروں شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ، حارث رؤف اور محمد حسنین کے ساتھ میدان میں اترنے کا فیصلہ کیا ہے۔
نائب کپتان سلمان علی آغا اور صائم ایوب پارٹ ٹائم اسپنر ہوں گے، عرفان نیازی ون ڈے ڈیبیو کریں گے۔
پہلے ون ڈے میچ کیلئے قومی ٹیم میں محمد رضوان (کپتان)، سلمان علی آغا (نائب کپتان)، عبداللّٰہ شفیق، صائم ایوب، بابر اعظم، کامران غلام، محمد عرفان خان، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ، حارث رؤف اور محمد حسنین شامل ہیں۔
دوسری جانب آسٹریلیا کے گیارہ کھلاڑیوں میں پیٹ کمنز (کپتان)، جیک فریزر میکگورک، میتھیو شارٹ، اسٹیو اسمتھ، جوش انگلیس، مارنس لیبوشین، آرون ہارڈی، گلین میکسویل، شان ایبٹ، مچل اسٹارک، ایڈم زمپا شامل ہیں۔
دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا دوسرا ون ڈے میچ 8 نومبر کو ایڈیلیڈ اوول میں ہوگا جبکہ تیسرا اور آخری ون ڈے میچ 10 نومبر کو پرتھ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔تینوں ون ڈے میچز ڈے اینڈ نائٹ ہوں گے۔
دورہ آسٹریلیا میں دونوں ٹیموں کے درمیان 3 میچوں پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز بھی کھیلی جائیگی، پہلا میچ 14 نومبر، دوسرا ٹی ٹوئنٹی میچ 16 نومبر کو سڈنی کرکٹ گراؤنڈ جبکہ تیسرا اور آخری ٹی ٹوئنٹی میچ 18 نومبر کو ہوبارٹ میں کھیلا جائے گا۔