ایشیاء کپ ٹی ٹوئنٹی کی تاریخوں اور شیڈول کے اعلان کے بعد بھارتی میڈیا اور سابق کھلاڑیوں کا منہ دیکھنے والا ہو گیا۔
کئی ماہ سے ایشین کرکٹ کونسل کے اجلاس کو ناکام اور ایشیاء کپ ٹی ٹوئنٹی کو منسوخ کروانے کے لیے مختلف حربے استعمال کرنے والا بھارتی میڈیا حیران ہے کہ یہ کیا ہو گیا، وہ اب اپنے ہی بورڈ اور حکومت پر طنز کے نشتر چلانے میں مصروف ہے۔
بھارت نے ایشین کرکٹ کونسل کے اجلاس کو ناکام بنانے کے لیے کیا ہتھکنڈے اپنائے؟ ’جیو نیوز‘ کے پروگرام ’نیا پاکستان‘ میں اہم انکشافات سامنے آ گئے۔
بھارتی کرکٹ بورڈ نے اے سی سی کے تمام ارکان کو دھمکی دے کر کہا تھا کہ ڈھاکا میں کسی صورت اجلاس نہیں ہو گا، نہ کوئی رکن ڈھاکا جائے گا، اگر ایسا ہوا تو بھارت اجلاس کا بائیکاٹ کرے گا۔
خیال رہے کہ متحدہ عرب امارات میں 9 سے 28 ستمبر تک کھیلے جانے والے ایشیاء کپ کے شیڈول کا اعلان کر دیا گیا ہے، پاک بھارت پہلا گروپ میچ 14 ستمبر کو ہو گا۔
ایشیاء کپ میں 8 ٹیمیں پاکستان، بھارت، افغانستان، سری لنکا، بنگلادیش، یو اے ای، عمان اور ہانگ کانگ شریک ہوں گی، ٹیموں کو دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے، 4 ٹیمیں سپر فور مرحلہ کھیلیں گی۔
پاکستان، بھارت، یو اے ای اور عمان گروپ اے میں شامل ہیں، بنگلا دیش، سری لنکا، افغانستان اور ہانگ کانگ گروپ بی میں شامل ہیں۔
ایشیاء کپ میں پہلا میچ 9 ستمبر کو افغانستان اور ہانگ کانگ کے درمیان کھیلا جائے گا، پاکستان اپنا پہلا میچ 12 ستمبر کو عمان کے خلاف کھیلے گا۔
ایونٹ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان گروپ میچ 14 ستمبر کو ہو گا، پاکستان اور یو اے ای کے درمیان میچ 17 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔
ایشیاء کپ کا 20 ستمبر سے سپر فور مرحلہ شروع ہو گا جس میں 20 ستمبر کو بی ون اور بی ٹو کے درمیان میچ ہو گا، 21 ستمبر کو اے ون اور اے ٹو کے درمیان میچ ہو گا، 23 ستمبر کو اے ٹو اور بی ون کے درمیان میچ ہو گا، 24 ستمبر کو اے ون اور بی ٹو کے درمیان میچ ہو گا، 25 ستمبر کو اے ٹو اور بی ٹو کے درمیان میچ ہو گا جبکہ 26 ستمبر کو اے ون اور بی ون کے درمیان میچ ہو گا۔
ایشیاء کپ کا فائنل اتوار 28 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔