• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایشیاء کپ: سارو گنگولی نے پاک بھارت ٹاکرے کی حمایت کر دی

سارو گنگولی—فائل فوٹو
سارو گنگولی—فائل فوٹو 

بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سارو گنگولی نے ایشیاء کپ میں پاک بھارت ٹاکرے کی حمایت کر دی۔

ایک بیان میں سارو گنگولی نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کا ایک ہی گروپ میں ہونا ٹھیک ہے، کھیل کو جاری رہنا چاہیے۔

سارو  گنگولی کا کہنا تھا کہ پہلگام جیسا معاملہ نہیں ہونا چاہیے، کھیل جاری رہنا چاہیے، دہشت گردی نہیں ہونی چاہیے اس کو لازمی روکنا چاہیے۔

سابق کپتان بھارتی کرکٹ ٹیم نے کہا کہ بھارت نے دہشت گردی کے حوالے سے سخت مؤقف اپنایا ہے، کھیل کو تو ہونا چاہیے۔

متحدہ عرب امارات میں 9 سے 28 ستمبر تک کھیلے جانے والے ایشیاء کپ کے شیڈول کا اعلان کر دیا گیا ہے، پاک بھارت پہلا گروپ میچ 14 ستمبر کو ہو گا۔

ایشیاء کپ میں 8 ٹیمیں پاکستان، بھارت، افغانستان، سری لنکا، بنگلادیش، یو اے ای، عمان اور ہانگ کانگ شریک ہوں گی، ٹیموں کو دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے، 4 ٹیمیں سپر فور مرحلہ کھیلیں گی۔

پاکستان، بھارت، یو اے ای اور عمان گروپ اے میں شامل ہیں، بنگلا دیش، سری لنکا، افغانستان اور ہانگ کانگ گروپ بی میں شامل ہیں۔

ایشیاء کپ میں پہلا میچ 9 ستمبر کو افغانستان اور ہانگ کانگ کے درمیان کھیلا جائے گا، پاکستان اپنا پہلا میچ 12 ستمبر کو عمان کے خلاف کھیلے گا۔

ایونٹ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان گروپ میچ 14 ستمبر کو ہو گا، پاکستان اور یو اے ای کے درمیان میچ 17 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔

ایشیاء کپ کا 20 ستمبر سے سپر فور مرحلہ شروع ہو گا جس میں 20 ستمبر کو بی ون اور بی ٹو کے درمیان میچ ہو گا، 21 ستمبر کو اے ون اور اے ٹو کے درمیان میچ ہو گا، 23 ستمبر کو اے ٹو اور بی ون کے درمیان میچ ہو گا، 24 ستمبر کو اے ون اور بی ٹو کے درمیان میچ ہو گا، 25 ستمبر کو اے ٹو اور بی ٹو کے درمیان میچ ہو گا جبکہ 26 ستمبر کو اے ون اور بی ون کے درمیان میچ ہو گا۔

ایشیاء کپ کا فائنل اتوار 28 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید