کراچی (اسٹاف رپورٹر ) امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا ہےکہ مفت آئی ٹی کورسز کاالخدمت بنو قابل پروگرام بڑھتی ہوئی مہنگائی اور بے روزگاری کے طوفان میں نوجوانوں کو مایوسی سے نکالنے کے لیے اُمید بن چکا ہے،کراچی میں اب تک 55کیمپس قائم کرچکے ہیں جہاں سے ہزاروں نوجوان مختلف کورسز کرکے اپنے پاؤں پر کھڑے ہورہے ہیں، آئی ٹی کے میدان میں پاکستان بہت پیچھے ہے اور ہماری حکومتوں کو ملک کے مستقبل کی کوئی پرواہ نہیں،حکمران ملک وقوم کے نام پر قرضے لے کر لوٹنے میں لگے ہیں اور ملک معاشی بحران کا شکار ہے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی ضلع جنوبی کے تحت فری آئی ٹی کورسزکے لئے آئی آئی چندریگر روڈ ریلوے گراؤنڈ میں بنوقابل ایپٹی ٹیوٹ ٹیسٹ 4.0 میں شریک ہزاروں طلبہ و طالبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا،اس موقع پر امیرجماعت اسلامی ضلع جنوبی سفیان دلاور، صدر کراچی چیمبر آف کامرس جاوید بلوانی،سابق صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر سعد خالد نیاز،قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان معین خان ودیگر نے بھی خطاب کیا،وسیع و عریض ریلوے گراؤنڈ میں 10ہزار طلبہ و طالبات سے تحریری ٹیسٹ لیا گیا،تقریب میں مختلف سماجی شخصیات و کارکنان، کمیونیٹیزکے صدور، چیئرمین کے ایم اے پروٹیک طاہر رومی،جماعت اسلامی ضلع جنوبی حلقہ خواتین کی ناظمہ شبنم امیر،معین خان کی اہلیہ سمیت خاتون سماجی شخصیات نے بھی شرکت کی، منعم ظفرخان نے مہمانوں کو یادگاری سوئینیر پیش کئے۔