کراچی( اسٹاف رپورٹر )ضلع کیماڑی پولیس نے اسپتالوں سے نومولود بچوں کو اغوا کر کے فروخت کرنے والے سرکاری ملازم اور اس کی بیوی کو گرفتار کر لیا،پولیس کے مطابق ڈسٹرکٹ ٹھٹہ کے رہائشی میاں بیوی کی پاک کالونی میں موجودگی کی اطلاع موصول ہوئی تھی،ملزمان کے قبضہ سے سجاول سول اسپتال سے اغوا کی گئی نومولود بچی کو بازیاب کیا گیا ، ملزمان کی شناخت شازیہ زوجہ اعجاز علی ہنگورو اور اعجاز علی ہنگورو ولد مولیڈنو کے ناموں سے ہوئی ہے ، گرفتار ملزمہ بی اے پاس گھریلو خاتون ہے جبکہ شوہر ایگریکلچر ڈیپارٹمنٹ میں سرکاری ملازم ہے، بچی تسلیم نامی ہیلتھ ورکر کی مدد سے اغوا کی گئی ہے ،ملزمہ نے ہیلتھ ورکر کو ڈھائی لاکھ روپے دیے،ملزمہ اپنے شوہر کے ہمراہ عاصمہ نامی بے اولاد خاتون کو بچی 8 لاکھ روپے میں فروخت کرنے کراچی آئی تھی،ملزمہ نے سال 2019 میں بھی تسلیم نامی ہیلتھ ورکر سے ڈھائی لاکھ روپے میں نومولود بچہ خرید کرفروخت کرنے کا انکشاف کیا ہے جو ٹھٹہ میں بے اولاد جوڑے کو بیچا تھا،ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیاہے۔