کراچی (اسٹاف رپورٹر) میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ نیو کراچی میں سات ہزار روڈ کے متاثرین کو متبادل جگہ فراہم کی جائے گی، سات ہزار روڈ کے اطراف نالے کی صفائی ہوگی اور نالے پر موجود تجاوزات کے خلاف کارروائی کے متاثرین کو بلدیہ عظمیٰ کراچی روزگار کے لئے متبادل جگہ فراہم کرے گی، علاقے میں اس قسم کی مارکیٹس موجود ہیں جنہیں اس مقصدکے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے، اس معاملے کو سندھ حکومت کے سامنے بھی پیش کریں گے تاکہ صوبائی حکومت کی مدد سے کوئی اور متبادل حل بھی تلاش کیا جاسکے،ٹاؤن انتظامیہ،ڈپٹی کمشنر اور متحدہ قومی موومنٹ کے دوست بھی اس پر متفق ہیں کہ نالے کی صفائی،تجاوزات کے خاتمے اور متاثرہ دکانداروں کو متبادل جگہ کی فراہمی پر کام کیا جائے، اپنے دفتر میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے میئر کراچی نے کہا کہ نیو کراچی کے عوام کو سات ہزار روڈ، چار ہزار روڈ اور چار ہزار تین سو روڈپر بارشوں کے دوران نالا اوور فلو ہونے کی وجہ سے شدید مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے، ماضی میں سات ہزار روڈ کے ساتھ موجود نالے کے اوپر تقریباً 1100 غیرقانونی تعمیرات کردی گئی تھیں جس کی وجہ سے نالے کی صفائی ممکن نہیں ہوتی تھی، انہوں نے کہا کہ اس معاملے کو بھی تمام فریقین کے اتفاق رائے اور مشاورت سے حل کرلیا جائے گا ۔