• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈونلڈ ٹرمپ یا کملا ہیرس، امریکی صدارتی انتخاب میں کانٹے کا مقابلہ جاری

فوٹو: رائٹرز
فوٹو: رائٹرز

 نیا صدر کون ہوگا ڈونلڈ ٹرمپ یا کملا ہیرس؟ ریپبلکن ٹرمپ اور ڈیموکریٹ کملا میں کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے۔ کچھ علاقوں میں پولنگ کا وقت ختم ہوگیا جبکہ دیگر میں پولنگ جاری ہے۔

ووٹنگ سے پہلے ہی کملا ہیرس اور ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک دوسرے پر سبقت لے جانے کے دعوے کردیے۔

ووٹنگ شروع ہونے کے بعد سوشل میڈیا پر بیان میں کملا ہیرس کا کہنا تھا کہ امریکا، یہ آپ کی آوازسنانے کا لمحہ ہے۔

اسی طرح ڈونلڈ ٹرمپ نے ووٹرز سے کہا کہ یہ باہر نکلنے، ووٹ ڈالنے کا وقت ہے، ایک ساتھ مل کر امریکا کو دوبارہ عظیم بنا سکتے ہیں۔

امریکی نائب صدر کیلئے ری پبلکن امیدوار جےڈی وینس نے اوہائیو میں ووٹ کاسٹ کیا۔

پانچ پولنگ اسٹیشنز پر بم کی افواہیں

پولنگ کے دوران امریکی ریاست جارجیا کی فلٹن کاؤنٹی کے 5 پولنگ اسٹیشنز پر بم کی افواہیں سامنے آئیں۔

دھمکیوں کے باعث دو مقامات سے ووٹرز کے انخلا پر ووٹنگ کے عمل میں تاخیر ہوئی، ان پولنگ اسٹیشنز پر پولنگ عارضی بندش کے بعد ووٹنگ کا عمل پھر سے بحال ہوگیا۔

گیس لیکج کے باعث پولنگ اسٹیشن بند

امریکی ریاست مشی گن کے علاقے نارتھ ول میں گیس لیکج کے باعث پولنگ اسٹیشن بند کردیا گیا۔

اس موقع پر ووٹرز کو دوسرے پولنگ اسٹیشن بھیج دیا گیا ہے۔

واشنگٹن سے ایک شخص گرفتار، فلیئر گن برآمد

امریکی انتخابات کے دوران واشنگٹن سے ایک شخص کو گرفتار کیا گیا ہے۔

پولیس نے گرفتار شخص کے قبضے سے فلیئر گن برآمد کی ہے جس کے بعد تحقیقات کی جارہی ہیں۔

الیکٹرانک ووٹنگ سسٹم میں تکنیکی مسائل

پنسلوینیا کی کیمبریا کاؤنٹی میں ووٹنگ کے دوران الیکٹرانک ووٹنگ سسٹم میں تکنیکی مسائل سامنے آئے۔

سافٹ ویئر کے مسائل نے ووٹنگ سکینرز کو متاثر کیا، میڈیا رپورٹ کے مطابق تاخیر کی وجہ سے ووٹنگ کے وقت میں توسیع کر دی گئی ہے۔

منصفانہ انتخابات  میں شکست تسلیم کریں گے، ٹرمپ

صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ منصفانہ ا نتخابات ہوئے تو وہ شکست تسلیم کریں گے۔

انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ الیکشن منصفانہ ہوئے اور میں ہار گیا تو اسے تسلیم کرنے والا پہلا شخص ہوں گا۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ اب تک میرے خیال میں الیکشن منصفانہ ہے۔

ٹرمپ نے فلوریڈا میں ووٹ کاسٹ کیا

امریکی صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے فلوریڈا میں ووٹ کاسٹ کیا، انہوں نے فلوریڈا کے علاقے پام بیچ کے پولنگ اسٹیشن پر ووٹ ڈالا، ٹرمپ کے ساتھ ان کی اہلیہ اور بچے بھی آئے۔

دوسری جانب ڈیموکریٹ کی صدارتی امیدوار کملا ہیرس بذریعہ پوسٹل بیلٹ ایک ہفتہ پہلے ووٹ ڈال چکی ہیں۔

کملا ہیرس ایک ہفتہ پہلے ووٹ ڈال چکیں

صدارتی امیدوار کملا ہیرس بذریعہ پوسٹل بیلٹ ایک ہفتہ پہلے ووٹ ڈال چکی ہیں۔

کملا ہیرس واشنگٹن ڈی سی میں موجود ڈیموکریٹک پارٹی کے ہیڈ کوارٹر پہنچ گئیں۔

انہوں نے فون بینک میں کام کرنے والے پارٹی ورکرز سے ملاقات کی اور ان کی محنت کو خوب سراہا۔

کملا ہیرس نے فون بینک سے ووٹر کو خود کال کی اور  کہا ’ کیا آپ نے ووٹ کاسٹ کرلیا ؟، اگر ووٹ کاسٹ کردیا تو آپ کا شکریہ۔‘

پنسلوانیا میں کملا ہیرس کو برتری

امریکا کی پانسہ پلٹنے والی تمام سات ریاستوں میں پولنگ جاری ہے۔ برطانوی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق پنسلوانیا میں کملا ہیرس کو برتری حاصل ہے۔

نیواڈا، جارجیا، نارتھ کیرولائنا، ایریزونا میں ٹرمپ کو معمولی سبقت حاصل ہے جبکہ وسکونسن اور مشی گن میں کملا ہیرس کو معمولی برتری حاصل ہے۔

سات کروڑ 89 لاکھ افراد پہلے ہی ووٹ کاسٹ کرچکےہیں، کسی بھی امیدوار کو جیت کےلیے کل 538 میں سے کم از کم 270 الیکٹورل ووٹ درکار ہوں گے۔ پانسہ پلٹنے والی سات ریاستیں کسی امیدوار کی کامیابی میں فیصلہ کن ہوں گی۔

ووٹرز ایوان نمائندگان کے چار سو پینتیس ارکان اور چونتیس سینیٹرز بھی منتخب کریں گے۔

6 مختلف ٹائم زون کے باعث مختلف امریکی ریاستوں میں پولنگ کا آغاز اور اختتام الگ الگ وقتوں پر ہوا۔

پولنگ پاکستانی وقت کے مطابق کب  کہاں کہاں ختم ہوگی؟

انڈیانا اور کینٹکی میں پولنگ پاکستانی وقت کےمطابق صبح 4 بجےختم ہوگی۔

ہوائی،الاسکا، کئی مغربی ریاستوں میں پولنگ پاکستانی وقت کےمطابق صبح 5 بجےختم ہوگی۔

جارجیا اور نیوکیرولائنا میں پولنگ پاکستانی وقت کےمطابق صبح 6 سے7 بجے کے درمیان ختم ہوگی۔

مشی گن، پنسلوینیا، وسکونسن میں ووٹنگ پاکستانی وقت کے مطابق صبح7 سے8 بجے کے درمیان ختم ہوگی جبکہ سب سے آخر میں الاسکا میں پاکستانی وقت کےمطابق صبح 11 بجے پولنگ ختم ہوگی۔

الاباما، ڈیلاویئر، واشنگٹن ڈی سی، فلوریڈا، جارجیا، الینوائے، کنساس، میری لینڈ، میساچیوسٹس، مشی گن، مزوری، پنسلوانیا، روڈ آئی لینڈ، ساؤتھ کیرولائنا، ٹینیسی، ورمونٹ، نارتھ کیرولائنا، اوہائیو، ویسٹ ورجینیا، نیو یارک، نیو جرسی، نیو ہیمپشائر، کنیٹیکٹ اور مغربی ریاستوں کیلیفورنیا، اِڈاہو، نیواڈا اور اوریگن سمیت تمام ریاستوں میں پولنگ جاری ہے۔

غیر ملکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق امریکی ریاست نیو ہیمپشائر کے چھوٹے قصبے ڈکس وِل نوچ میں انتخابات کا آغاز رات گئے ہی ہو گیا تھا، یہ عمل مختصر وقت میں مکمل ہونے کے بعد ڈالے گئے ووٹوں کی گنتی بھی مکمل ہو گئی۔

اس قصبے سے صدر کے انتخاب کے لیے کُل 6 ووٹ ڈالے گئے جن میں سے 3 ڈیموکریٹک اور 3 ری پبلیکن کے حق میں تھے۔

میڈیا کی رپورٹس کے مطابق نیو ہیمپشائر کا قصبہ ڈکس وِل نوچ شمال میں امریکا اور کینیڈا کی سرحد پر واقع ہے، جس کا شمار امریکا کے ان علاقوں میں ہوتا ہے جہاں سے انتخابی دن کا آغاز ہوتا ہے۔

امریکی صدارتی انتخاب کے دوران جعلی خبروں اور سوشل میڈیا پوسٹس کی روک تھام کیلئے امریکی حکام سرگرم ہوگئے۔

ایف بی آئی کا الیکشن کمانڈ سیل جعلی مواد روکنے میں سرگرم

ایف بی آئی کا الیکشن کمانڈ سیل جعلی مواد روکنے کیلئے نگرانی کررہا ہے جبکہ سائبر سیکیورٹی اور انفراسٹرکچر سیکیورٹی ایجنسی سی آئی ایس اے بھی سرگرم ہے۔

امریکی ایجنسی کا غلط معلومات کی شناخت اور روک تھام کیلئے افواہ کنٹرول ویب پیج افواہوں کی وضاحت کرتا ہے۔

امریکی محکمہ انصاف ڈی او جے بھی غلط معلومات کی تشہیر روکنے کیلئے فعال ہے۔

امریکی ادارے معتبر نیوز آرگنائزیشنز کے ساتھ مل کر غیر معیاری معلومات روکنے کیلئے کوشاں ہیں۔

امریکا میں صدارتی انتخابات کے لیے پولنگ شروع ہوتے ہی صدارتی امیدوار ٹرمپ کی سوشل میڈیا کمپنی کے شیئرز کی قیمت بڑھ گئی۔

امریکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ٹرمپ کی کمپنی ٹروتھ سوشل کے شیئرز میں منگل کی صبح 13 فیصد اور پیر کو 12 فیصد اضافہ ہوا۔

ٹرمپ کی سوشل میڈیا کمپنی ٹروتھ سوشل کو پچھلے ہفتے کے تین دن بھاری نقصان ہوا تھا۔

ڈونلڈ ٹرمپ کو شکست ہوگی، امریکی مؤرخ کی پیشگوئی

امریکی مؤرخ ایلن لِچ مین نے ڈونلڈ ٹرمپ کی شکست کی پیش گوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ کملا ہیرس امریکا کی نئی اور پہلی خاتون صدر منتخب ہوں گی۔ 

ایلن لِچ مین نے کہا کہ امریکا میں اب میرے جیسے سفید فام زوال کی طرف جا رہے ہیں۔

ایلن لِچ مین اس سے قبل 9 صدارتی انتخابات کی درست پیشگوئی کرچکے ہیں۔

نیو ہیمپشائر کے چھوٹے قصبے ڈکس وِل نوچ کی روایت

امریکی ریاست نیو ہیمپشائر کے چھوٹے قصبے ڈکس وِل نوچ کی 1960ء کی روایت کے مطابق رات گئے یہاں مقیم کمیونٹی انتخابات کا آغاز کرکے اپنے ووٹ ڈالتی ہے۔

واضح رہے کہ ڈکس وِل نوچ میں ووٹوں کی حتمی تعداد 2020ء کے انتخابات کے مقابلے میں ڈرامائی انداز میں تبدیلی ہو گئی ہے۔

گزشتہ انتخابات میں ری پبلیکن امیدوار جو بائیڈن نے اس علاقے سے کلین سوئپ کیا تھا۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید