کندھ کوٹ میں کشمور ڈیرہ موڑ پر تاجر کی بازیابی کے لیے آپریشن کیا گیا، جس کے دوران 9 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔
اس حوالے سے ایس ایس پی بشیر بروہی نے بتایا ہے کہ آپریشن کچے کے علاقوں میں جاری ہے، جس کے دوران ڈاکوؤں کے متعدد کمین گاہوں کو آگ لگا دی گئی ہے۔
انہوں نے بتایا ہے کہ جاگیرانی، سبزوئی اور بھیو گینگ کے خلاف آپریشن کیا جا رہا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ 3 روز کے دوران ضلع کشمور سے اب تک 5 افراد کو اغواء کیا جا چکا ہے۔
دوسری جانب کشمور میں بے امنی اور اغواء کی وارداتوں کے خلاف آج شٹر ڈاؤن ہڑتال کی گئی ہے۔
شہر کے تجارتی مراکز، دکانیں بند ہیں اور ٹریفک بھی معمول سے کم ہے۔
پولیس نے بتایا ہےکہ تاجر کو گزشتہ شب ڈیرہ موڑ کے مقام سے اغواء کیا گیا تھا۔