کراچی (اسٹاف رپورٹر) برج ٹاون بارباڈوس میں انگلینڈ کے خلاف تیسرے ون ڈے انٹرنیشنل کے دوران ویسٹ انڈیز کے فاسٹ بولر الزاری جوزف کپتان شائے ہوپ سے اختلاف پر میدان سے باہر چلے گئے، ان کی فیلڈ پلیسمنٹ پر ناراضی اور تلخ کلامی ہوئی تھی ، جس کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہوئیں تھی۔ کوچ ڈیرن سیمی نے فاسٹ بولر کے رویے پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے اِسے ناقابل قبول قرار دیا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ بولر سے اس پر بات کی جائے گی۔ یاد رہے کہ میچ ویسٹ انڈیز نے 8وکٹ سے جیت کر سیریز میں دو ایک سے کامیابی حاصل کی۔ میچ کے چوتھے ہی اوور میں الزاری جوزف نے تحفظات کا اظہار کیا تھا، اسی اوور میں وکٹ لی تاہم ساتھیوں کے ساتھ جشن نہیں منایا اور اوور مکمل کرتے ہی باہر چلے گئے ۔ بعد ازاں واپس آگئے۔ انہوں نے اپنے 10 اوورزمیں 45 رنز کے عوض 2 وکٹیں حاصل کیں۔