• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چیمپئنز ٹرافی: بھارت نے آئی سی سی کو پاکستان نہ جانے سے آگاہ کردیا، ہائبرڈ ماڈل کا امکان، رپورٹ


بھارتی کرکٹ بورڈ بی سی سی آئی نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو آگاہ کیا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی کےلیے بھارتی ٹیم پاکستان نہیں جائے گی۔ کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق بی سی سی آئی نے حکومت سے کلیئرنس نہ ملنے پر ٹیم کو پاکستان بھیجنے سے منع کیا ہے۔

آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی پاکستان کے تین وینوز پر اگلے سال 19 فروری سے 9 مارچ تک شیڈولڈ ہے، جس میں 8 ٹیمیں حصہ لیں گی۔

ایونٹ میں بھارت کی شرکت پر چند ماہ سے غیر یقینی کی صورتحال برقرار ہے، تاہم جمعے کو بھارتی میڈیا کے مطابق کہا گیا کہ بھارتی کرکٹ ٹیم پاکستان نہیں آئے گی اور اُس کے میچز متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں ہوں گے۔

اس بارے میں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے میڈیا سے گفتگو میں کہا تھا کہ انہیں بی سی سی آئی کی جانب سے کوئی تحریری طور پر باضابطہ اطلاع نہیں دی گئی ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان چیمپئنز ٹرافی کا انعقاد مکمل طور پر پاکستان میں ہی چاہتا ہے اور کسی بائبرڈ ماڈل کو فالو نہیں کریں گے۔

اب کرکٹ ویب سائٹ کا کہنا ہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ نے اس حوالے سے آئی سی سی کو آگاہ کردیا ہے۔

کرکٹ ویب سائٹ اس بات کا امکان بھی ظاہر کر رہی ہے کہ ہائبرڈ ماڈل کے تحت چیمپئنز ٹرافی کے میچز پاکستان اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں ہوسکتے ہیں۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید