• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پنجاب حکومت کی دھواں چھوڑتی گاڑیوں کی مانیٹرنگ کی ہدایت


اسموگ کے پیشِ نظر حکومتِ پنجاب نے پنجاب سیف سٹی اتھارٹی کو دھواں چھوڑتی گاڑیوں کی مانیٹرنگ کی ذمے داری سونپ دی ہے۔

سیکریٹری ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ پنجاب کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ دھواں چھوڑتی گاڑیوں کو سیف سٹی کیمروں سے مانیٹر کیا جائے گا، اس طرح سے ماحول کو آلودہ کرنے والی ہر طرح کی گاڑی کو قانون کی گرفت میں لایا جائے گا۔

سیکریٹری ٹرانسپورٹ کا کہنا ہے کہ گاڑی مالکان کسی بھی پریشانی سے بچنے کے لیے اپنی گاڑی کی مرمت کروا لیں۔

انہوں نے بسوں اور ٹرکوں کو خاص طور پر چیک کرنے کی ہدایت بھی جاری کی ہے۔

واضح رہے کہ اسموگ کے باعث پنجاب کے مختلف شہروں میں آؤٹ ڈور سرگرمیوں پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

صوبائی حکومت کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق لاہور میں 11 نومبر سے 17 نومبر تک آؤٹ ڈور سرگرمیوں پر پابندی عائد رہے گی، پابندی کا اطلاق ڈسٹرکٹ لاہور، ملتان، فیصل آباد اور گوجرانوالہ پر ہو گا۔

قومی خبریں سے مزید