• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بٹ کوائن کی قیمت نے تاریخ کی نئی بلندی کو چھو لیا

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

امریکی صدارتی انتخابات میں ڈونلڈ ٹرمپ کی کامیابی کے بعد بٹ کوائن کی قدر نے تاریخ کی نئی بلندی کو چھو لیا۔

غیر ملکی تجارتی ویب سائٹ کے مطابق بٹ کوائن کی قیمت میں اس وقت غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا جب سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے امریکی انتخاب میں برتری کی خبریں سامنے آنے لگیں۔ 

اب گزشتہ روز ڈیجیٹل کرنسی کی قیمت تاریخ میں پہلی بار 80 ہزار ڈالرز سے تجاوز کر گئی۔

امریکی صدارتی انتخابات میں ڈونلڈ ٹرمپ کی کامیابی کے بعد سے بٹ کوائن کی قیمت میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔

یاد رہے کہ بدھ کو امریکی صدارتی انتخابات میں ریپبلکن امیدوار کی کامیابی کا اعلان ہوتے ہی بٹ کوائن کی قیمت 75 ہزار ڈالرز تک پہنچ گئی تھی۔

ڈونلڈ ٹرمپ کے بارے میں یہ خیال کیا جا رہا ہے کہ وہ ڈیجیٹل کرنسیوں کے لیے قوانین کو آسان کر دیں گے۔

اُنہیں امریکی صدارتی انتخابات میں ڈیجیٹل کرنسی کے حامی امیدوار کے طور پر دیکھا گیا۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے پچھلے دورِ اقتدار میں ڈیجیٹل کرنسی کو فراڈ قرار دیا تھا لیکن بعد میں اُنہوں نے اپنے بیان سے یو ٹرن لے لیا تھا، یہاں تک کہ خود بھی  ڈیجیٹل کرنسی میں سرمایہ کاری کی تھی۔

اُنہوں نے حالیہ انتخابی مہم کے دوران امریکا کو ’دنیا کا بٹ کوائن اور کرپٹو کرنسی کیپٹل‘ بنانے کا وعدہ کیا ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے ستمبر میں اپنے بیٹوں اور دیگر کاروباری افراد کے ساتھ مل کر ’ورلڈ لبرٹی فنانشل‘ کے نام سے ایک ڈیجیٹل کرنسی پلیٹ فارم شروع کرنے کا اعلان بھی کیا تھا۔

تجارتی خبریں سے مزید