کراچی(اسٹاف رپورٹر) شہر میں ڈاکو ایک مرتبہ پھر بے لگا م ہوگئے،شہر کے مختلف علاقوں میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر ایک شخص جاں بحق اور تین افراد زخمی ہوگئے، واقعات اورنگی ٹائون، بھینس کالونی اور میمن گوٹھ میں پیش آئے، پولیس نے مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کر دی۔ تفصیلات کے مطابق پیر آباد تھانہ کی حدود اورنگی ٹائون نمبر 4 ہزارہ چوک کے قریب مسلح ملزمان نے لوٹ مار کے دوران مزاحمت پر 40سالہ فیاض احمد ولد صاحب زادہ کو گولی مار کر قتل کردیا اور موقع سے فرار ہوگئے، ایس ایچ او تھانہ پیر آباد امتیاز جٹ نے بتایا ہےکہ مقتول ہزارہ چوک کا رہائشی ہے سائٹ ایریا کے علاقے میں فیکٹری میں ملازمت کرتا تھا،صبح گھر سے ملازمت پر جانے کیلئے نکلا تھا کہ راستے میں ڈاکوئوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگیا،پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہیں۔