• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بانئ پی ٹی آئی نے فائنل کال دے دی: علیمہ خان

بانئ پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان—فائل فوٹو
بانئ پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان—فائل فوٹو

بانئ تحریکِ انصاف کی بہن علیمہ خان کا کہنا ہے کہ بانئ پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ پورے پاکستان میں نکلنا ہے۔

 اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہا کہ آپ نے اپنے چوری کیے گئے مینڈیٹ کے لیے نکلنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بانئ پی ٹی آئی نے فائنل کال دے دی ہے، انہوں نے ایک ایک کارکن کو مخاطب ہو کر کہا ہے۔

علیمہ خان کا کہنا ہے کہ بانئ پی ٹی آئی نے 24 نومبر کو اسلام آباد میں احتجاج کا کہا ہے، انہوں نے کہا ہے کہ 8 فروری کوعوام جمہوریت کے لیے نکلے تھے، 8 فروری کو عوام نے ظلم کے نظام کے خلاف ووٹ دیا۔

ان کا کہنا ہے کہ 8 فروری کو عوام نے ایلیٹ کیپچر سے طاقت چھین لی اور 9 فروری کو عوام کا مینڈیٹ چوری کر لیا گیا، 9 فروری کو گنے چنے لوگوں کو اقتدار دیا گیا۔

بانیٔ پی ٹی آئی کی بہن نے کہا کہ 26 ویں آئینی ترمیم کر کے 10 سالہ مارشل لاء قائم کیا گیا ہے، بانیٔ پی ٹی آئی نے قوم، کسانوں، وکلاء، سول سوسائٹی، اوورسیز پاکستانیوں کو مخاطب کیا ہے، انہوں نے طلباء اور نوجوانوں کو بھی کہا ہے کہ گھروں سے نکلیں۔

بانئ پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ اب ہمیں اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنا ہے، پوری پارٹی اور لیڈر شپ کو ہدایات دے دی گئی ہیں کہ کیا کرنا ہے اور کس طرح کرنا ہے۔

ان سے قبل بانیٔ پی ٹی آئی کے وکیل فیصل چوہدری نے کہا تھا کہ بانئ پی ٹی آئی نے 24 نومبر کو اسلام آباد مارچ کی کال دے دی ہے۔

اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بانیٔ پی ٹی آئی نے اسلام آباد مارچ کے لیے کمیٹی قائم کر دی ہے، انہوں نے کمیٹی کے نام منظرِ عام پر لانے سے انکار کر دیا ہے۔

فیصل چوہدری نے کہا کہ بانیٔ پی ٹی آئی نے کہا ہے 24 نومبر کو احتجاج کا مرکز اسلام آباد ہو گا، احتجاج پاکستان بھر اور پوری دنیا میں ہو گا۔

قومی خبریں سے مزید