کراچی سمیت سندھ کے 18 اضلاع میں ضمنی بلدیاتی انتخابات میں پیپلز پارٹی کے امیدوار آگے ہیں، حیدرآباد کی یو سی 125 سے پیپلز پارٹی کے امیدوار کامیاب ہوگئے۔
حیدرآباد کی یو سی 51 پر پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ عدنان رشید 1086 ووٹ لے کر وائس چئرمین منتخب ہوگئے، پیپلز پارٹی کے فرحان راجپوت 899 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔
کراچی کے گلبرک ٹاؤن کی یو سی 5 میں وائس چیئرمین کے انتخاب میں تین پولنگ اسٹیشنوں کے نتائج کے بعد جماعتِ اسلامی کا امیدوار آگے ہے۔
کراچی میں کورنگی کریک وارڈ 4 میں کونسلر کی نشست پیپلز پارٹی کے سمیر عباسی نے جیت لی، ضمنی انتخاب میں میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے بھی ووٹ ڈالا۔
کراچی سمیت سندھ کے 18 اضلاع میں مختلف کیٹیگریز کی خالی نشستوں پر ضمنی بلدیاتی انتخابات ہوئے، جس کے بعد غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے آنے کا سلسلہ جاری ہے، ضمنی الیکشن کے دوران سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے، مجموعی طور پر پولنگ کا عمل پر امن رہا۔
کراچی میں چیئرمین، وائس چیئرمین اور جنرل ممبر وارڈ کی 10 خالی نشستوں پر ضمنی بلدیاتی انتخابات کے سلسلے میں پولنگ کا عمل صبح 8 بجے شروع ہوا اور شام 5 بجے تک جاری رہا۔
الیکشن کمشنر سندھ شریف اللّٰہ اور کراچی پولیس چیف جاوید عالم اوڈھو نے سیکیورٹی سمیت پولنگ کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔
الیکشن کمشنر سندھ کا کہنا ہے کہ کراچی میں ضمنی بلدیاتی انتخابات کےلیے پرامن ماحول میں پولنگ کا عمل مکمل ہوا ہے۔