• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

99 نکاتی عوامی ایجنڈے پر عملدرآمد میں کوتاہی برداشت نہیں ہو گی: علی امین گنڈاپور

وزیرِاعلیٰ خیبر پختون خوا علی امین گنڈاپور — فائل فوٹو
وزیرِاعلیٰ خیبر پختون خوا علی امین گنڈاپور — فائل فوٹو 

وزیرِاعلیٰ خیبر پختون خوا علی امین گنڈاپور کا کہنا ہے کہ 99 نکاتی عوامی ایجنڈے پر عمل درآمد کے سلسلے میں کوتاہی اور سستی برداشت نہیں ہو گی۔

علی امین گنڈاپور کی زیرِ صدارت اجلاس ہوا جس کے دورانِ 99 نکاتی عوامی ایجنڈے پر عملدرآمد کی صورتِ حال کا جائزہ لیا گیا۔

متعلقہ حکّام نے علی امین گنڈاپور کو عوامی ایجنڈے پر عمل درآمد کی صورتِ حال پر بریفنگ دی۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ وزیرِاعلیٰ کی اوپن ڈور پالیسی کےتحت ڈپٹی کمشنرز سے ملاقاتوں کے لیے اوقات کا اعلان کر دیا گیا ہے، خصوصی صفائی مہم کے تحت تعلیمی اداروں میں 431 مہمات چلائی گئیں، 843 پبلک ٹوائلٹس کی صفائی یقینی بنائی گئی ہے، 590 نہروں، 287 تفریحی مقامات اور 298 بس اسٹیڈز کی صفائی کی گئی، اس کے علاوہ 439 سیوریج لائنوں کی بھی صفائی کی گئی جبکہ 101 سیوریج لائنوں کی مرمت کی گئی۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ 7 ہزار 267 خالی جگہوں پر پڑے کوڑا کرکٹ کو ٹھکانے لگایا گیا اور 368 غیر قانونی ڈمپنگ سائٹس کلئیر کر دی گئی ہیں، کچرا ٹھکانے لگانے کے لیے 226 ڈمپنگ سائٹس نوٹیفائی کر دی گئی ہیں، عوام کی سہولت کے لیے 4359 کوڑا دان لگا دیے گئے ہیں، 114 پبلک پارکس میں پینے کا صاف پانی فراہم کیا گیا اور 169 پارکس میں بینچز لگا دیے گئے ہیں۔

اجلاس میں مزید بتایا گیا کہ کھمبوں پر نصب 4 ہزار اشتہاری مواد اور بینرز ہٹا دیے گئے ہیں، دیواروں پر نصب 4 ہزار 500 اشتہارات بھی ہٹا دیے گئے،11 ہزار 697 واٹر ٹینکس کی صفائی بھی کر دی گئی ہے۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ بس اڈوں میں497 واش رومز اور 100ویٹنگ رومز کی صفائی کی گئی، 93 بس اڈوں میں سرکاری کرایہ نامے لگا دیے گئے۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ مختلف اضلاع میں 4682 مین ہولز کی مرمت اور 6300 اسٹریٹ لائٹس کی مرمت کی گئی جبکہ 4500 نئے اسٹریٹ لائٹس نصب کیے گئے ہیں، صوبے میں 1188 غیر قانونی اسپیڈ بریکرز ہٹا دیے گئے، 293 غیر قانونی پارکنگ اسٹینڈز ختم کر دیے گئے۔

بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ صوبے میں 4 ہزار سے زیادہ پٹوار خانوں کا معائنہ بھی کیا گیا۔

علی امین گنڈا پور نے ہدایت کی کہ پٹوار خانوں کی میپنگ کا کام 51 دنوں میں مکمل کر کے رپورٹ دی جائے، حلقوں سے باہر قائم پٹوار خانے فوری طور پر متعلقہ حلقوں میں منتقل کیے جائیں۔

اُنہوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنرز باقاعدگی سے پٹوارخانوں کے معائنے یقینی بنائیں۔

علی امین گنڈا پور نے کہا کہ عوامی خدمات کی فراہمی اور گورننس کو بہتر بنانا ہے، اس ایجنڈے پر من و عن عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔

قومی خبریں سے مزید