پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم کا کہنا ہے کہ 8 فروری کو لوگوں نے ووٹ دیا اور اب 24 نومبر اپنا مینڈیٹ واپس لیں گے۔
شیخ وقاص اکرم نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کے پی سے وزیرِ اعلیٰ علی امین گنڈاپور قافلے کو لیڈ کریں گے، پنجاب سے وہاں کے لیڈرز احتجاج کو لیڈ کریں گے۔
اُنہوں نے کہا کہ بشریٰ بی بی شوہر اور علیمہ خان اپنے بھائی کی رہائی کے لیے احتجاج کرتی ہیں تو کیا یہ سیاست ہے؟
پی ٹی آئی کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات نے کہا کہ پی ٹی آئی کے بہت سے ورکرز ابھی تک جیلوں میں ہیں، احتجاج صرف پی ٹی آئی کے لیے نہیں بلکہ ملک میں انصاف کے لیے ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ کبھی پسپائی ہوتی ہے لیکن جنگ میں محاذ کو کھلا نہیں چھوڑنا چاہیے، پہلے احتجاج میں 35 گھنٹوں تک شیلنگ کے باجود کارکنان ڈی چوک پہنچے۔
شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ جس کو ہم نے پیغام دینا تھا ان کو پیغام پہنچا ہو گا، آج اجلاس بلایا ہے، بیرسٹر گوہر، سلمان اکرم راجہ اور دیگر رہنما موجود ہوں گے، ایم پی ایز، ایم این ایز بھی آ رہے ہیں۔
اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ احتجاج میں صوبائی وسائل استعمال نہیں ہوں گے، وزیرِاعلیٰ علی امین گنڈاپور کے ساتھ جو سیکیورٹی ہوتی ہے وہ ان کے ساتھ ہو گی۔