پنجاب کے محکمہ ماحولیات نے اسموگ کے باعث لاہور اور ملتان میں پابندیوں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق لاہور اور ملتان میں پابندیوں کا اطلاق 16 سے 24 نومبرتک ہوگا، لاہور اور ملتان میں اسموگ کے باعث ہیلتھ ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق طبی عملے اور پیرامیڈیکل اسٹاف کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئیں، تمام سرکاری اسپتالوں میں او پی ڈیز رات 8 بجے تک کھلی رہیں گی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق نجی و سرکاری اسپتالوں میں اسموگ سے متاثرہ مریضوں کیلئے خصوصی کاؤنٹر قائم ہوں گے۔ محکمہ صحت اسموگ سے پھیلنے والی بیماریوں کی ادویات کی فراہمی یقنی بنائے گا۔ ریسکیو 1122 اسموگ سے متاثرہ مریضوں کو ترجیحی بنیادوں پر سروسز فراہم کرنے کا نظام بنائیں گے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق لاہور اور ملتان میں تمام کالجز اور یونیورسٹیز بھی بند رہیں گی۔ محکمہ ماحولیات نوٹیفکیشن کے مطابق تمام کالجز اور یونیورسٹیز میں آن لائن کلاسز ہوں گی، مری کے سوا باقی تمام اضلاع میں اسموگ کے باعث اسکولز 24 نومبر تک بند رہیں گے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق لاہور اور ملتان میں قومی اہمیت کے حامل منصوبوں کے سوا تمام تعمیراتی سرگرمیوں پر مکمل پابندی ہوگی۔ ہیوی ٹریفک کے داخلے پر بھی پابندی عائد ہوگی۔ ایندھن اور ادویات فراہم کرنے والی ہیوی گاڑیاں پابندی سےمستثنیٰ ہوں گی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پولیس وینز، ایمبولینس اور ریسکیو کی گاڑیاں بھی پابندی سے مستثنیٰ ہوں گی۔ بھٹےاور فرنس آئل سے چلنے والی انڈسٹری مکمل بند رہیں گے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق 4 بجےتک ریسٹورنٹس میں بیٹھ کر کھانے کی اجازت ہوگی۔ ریسٹورنٹس میں رات 8 بجے تک ٹیک اوے کی اجازت ہوگی۔ میڈیکل اسٹورز، پٹرول پمپس، تندور، ڈیری شاپس اور کوریئر سروسز کھلی رہیں گی۔ یوٹیلٹی سروسز فراہم کرنے والے تمام ادارے پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے جبکہ بڑے ڈپارٹمنٹل اسٹورز اور فارمیسی سیکشن کھلے رہیں گے۔