اسرائیلی فوج کی بیروت میں رہائشی عمارت کو بم سے نشانہ بنانے کی ویڈیو سامنے آگئی، جبکہ صور کے رہائشی علاقے الزیرا میں اسرائیلی ڈرون حملے کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق اور 9 زخمی ہو گئے۔
اسرائیلی فوج نے لبنان کے دارالحکومت بیروت کے جنوبی مضافاتی علاقے ضاحیہ پر فضائی حملے کیے ہیں، جن میں رہائشی عمارت کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے۔
فوٹوز اینڈ شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر شیئر کی گئی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اسرائیلی فوج کی جانب سے ایک رہائشی عمارت کو بم سے نشانہ بنایا گیا، جو کچھ ہی دیر میں ملبے کا ڈھیر بن گئی۔
دوسری طرف لبنان کے جنوبی شہر صور کے رہائشی علاقے الزیرا میں اسرائیلی ڈرون حملے کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق اور 9 زخمی ہو گئے۔
لبنان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق حملے نے علاقے میں شدید تباہی مچائی اور امدادی ٹیمیں ملبے تلے دبے افراد کی تلاش جاری رکھے ہوئے ہیں۔
اسرائیلی فوج کی جانب سے لبنان پر جاری بمباری میں اب تک کم از کم 3,386 افراد شہید اور 14,417 زخمی ہو چکے ہیں۔