سائنسی ماہرین نے مقامی ٹیکنالوجی کے ذریعے مصنوعی بارش کا کامیاب تجربہ کرلیا، محکمہ موسمیات نے کلاؤڈ سیڈنگ سے جہلم اور گوجر خان میں بارش ہونے کی تصدیق کردی۔
ماہرین کے مطابق دوپہر 2 بجے کلاؤڈ سیڈنگ کی گئی تھی، چند گھنٹے بعد ہی جہلم اور گوجر خان میں بارش ہوگئی۔
ماہرین کے مطابق کلاؤڈ سیڈنگ کے اثرات لاہور پر بھی بارش کی صورت میں برآمد ہونے کا امکان ہے، مصنوعی بارش سے اسموگ میں کمی لانے میں مدد ملے گی۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے متعلقہ اداروں اور سائنسی ماہرین کو مصنوعی بارش کے کامیاب تجربے پر مبارک با دی۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ آپ کی محنت، لگن اور قابلیت سے پنجاب نے ایک نئی تاریخ رقم کی، پوری قوم آپ پر فخر کرتی ہے۔
سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے کہا کہ آج بارش کی صورت میں اچھی خبر آئی ہے، گزشتہ برس یو اے ای کے تعاون سے مصنوعی بارش برسانے کا تجربہ کیا گیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ اس بار اپنی مقامی مہارت اور ٹیکنالوجی سے کامیاب تجربہ کیا، آرمی ایوی ایشن، پارکو، ای پی اے، پنجاب حکومت نے اشتراک عمل سے کامیابی حاصل کی۔