بھارتی ریاست اتر پردیش کے اسپتال میں آگ لگنے سے 10 نومولود بچے ہلاک ہو گئے، جبکہ 16 شدید زخمی ہوئے ہیں۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق ریاست اتر پردیش کے شہر جھانسی کے اسپتال کے نومولود بچوں کے لیے بنائے گئے انٹینسیو کیئر یونٹ (آئی سی یو) میں گزشتہ رات آگ بھڑک اٹھی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ضلع مجسٹریٹ (ڈی ایم) اویناش کمار نے 10 نوزائیدہ بچوں کی ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے، جبکہ آگ سے بری طرح جھلس جانے والے 16 نومولود بچوں کو بچانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں، واقعے کے وقت آئی سی یو میں 54 بچے داخل تھے۔
انہوں نے بتایا ہے کہ 44 نومولود بچوں کو بچا لیا ہے لیکن 16 بچوں کی حالت تشویش ناک ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق 10 میں سے 7 متاثرین کی شناخت کر لی گئی ہے، باقی 9 کی شناخت کے لیے ضرورت پڑی تو ڈی این اے ٹیسٹ کرائے جائیں گے۔
اتر پردیش کے نائب وزیرِ اعلیٰ کا کہنا ہے کہ آگ ممکنہ طور پر آئی سی یو میں موجود آکیسجن فراہم کرنے والے یونٹ میں شارٹ سرکٹ کے باعث لگی ہے جس کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔