پنجاب میں اسموگ اور دھند سے حدِ نگاہ متاثر ہے، جس کی وجہ سے لاہور سیالکوٹ موٹروے بند کردی گئی ہے۔
موٹروے ایم 2، لاہور سے شیخوپورہ تک، ایم 3، لاہور سے درخانہ اور ایم 4 پنڈی بھٹیاں سے عبدالحکیم تک بند کردی گئی۔
پنجاب میں اسموگ کی شدت برقرار ہے، لاہور دنیا کے آلودہ شہروں میں بدستور سرفہرست ہے۔
ناسا کی جاری تصاویر میں پاکستان اور بھارت پر چھائی گہری اسموگ خلا سے تاحال نظر آرہی ہے، دلی اور لاہور کے درمیان علاقے میں فصلوں کی باقیات جلانے کی آگ بھی دیکھی جاسکتی ہے۔
لاہور کے علاقے سی ای آر پی آفس کی فضا سب سے زیادہ آلودہ ہے، ایئر کوالٹی انڈیکس 1151 آیا۔
پاکستان انجیئنر نگ سروسز پر 1101 جبکہ مراتب علی روڈ پر 949 ریکارڈ کی گئی، دیگر شہروں میں ملتان 360 اے کیو آئی کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہا۔
حکومت کی شہریوں سے گھروں پر رہنے اور ماسک کی پابندی کرنے کی اپیلیں بےسود ہیں، بہاولپور میں بچے اور نوجوان پارک اور میدانوں میں کھیلوں میں مصروف دکھائی دیے، ماسک کی پابندی بھی نظر نہیں آئی۔
اسموگ کی پابندیوں کیخلاف انتظامیہ کی کارروائیاں بھی جاری ہیں، لاہور میں 24 صنعتی یونٹ سیل اور 21 گرادیے گئے جبکہ 6 نئے مقدمات درج کیے گئے۔