کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی تک سابق ٹیسٹ فاسٹ بولر اور قومی سلیکشن کمیٹی کے کنونیئرعاقب جاوید کو وائٹ بال ٹیم کا عبوری ہیڈ کوچ مقرر کیا ہے۔ انہیں بورڈ سے اختلافات کے بعد مستعفی ہونے والے گیری کرسٹن کی جگہ یہ ذمے داری سونپی گئی ہے ۔ عاقب جاوید زمبابوے میں اپنی نئی ذمے داریاں سنبھالیں گے۔ حالیہ دنوں میں عاقب جاوید پی سی بی انتظامیہ کی فیصلہ سازی کے اہم کردارتھے ان کے کہنے پر کپتان اور ہیڈ کوچ کو سلیکشن کمیٹی سے علیحدہ کردیا گیا تھا۔ پی سی بی کے مطابق اس عرصے کے دوران عاقب جاوید قومی مینز نیشنل ٹیم کے سلیکشن کمیٹی کے سینئر ممبر کے طور پر بھی اپنی ذمہ داریاں جاری رکھیں گے ۔ اس ٹورنامنٹ کے بعد انہیں اضافی ذمہ داریاں تفویض کی جائیں گی۔ اس دوران پاکستان کرکٹ بورڈ وائٹ بال ٹیم کے ہیڈ کوچ کی تلاش کا عمل جاری رکھے گا۔ 19 فروری سے 19 مارچ تک شیڈول آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے اختتام تک یہ تعیناتی کردی جائے گی۔ نئے مستقل وائٹ بال ہیڈ کوچ کی تلاش کا عمل بھی شروع کردیا ہے۔ پاکستان کے فوری شیڈول میں زمبابوے کے خلاف تین ون ڈے اور تین ٹی ٹوئنٹی 24 نومبر تا 5 دسمبر اور جنوبی افریقا میں 10 سے 22 دسمبر تک وائٹ بال سیریز شامل ہیں۔ چیمپئنز ٹرافی سے قبل پاکستان نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقا کے ساتھ 8 سے 14 فروری تک سہ فریقی ون ڈے سیریز کی بھی میزبانی کرے گا۔