• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

10 ہزار کارکن اسلام آباد پہنچ چکے، دھاوا بولنے کو تیار، پی ٹی آئی

پشاور(ارشد عزیز ملک )پاکستان تحریک انصاف نے اسلام آباد پر دھاوا بولنے کیلئے حکمت عملی مرتب کرلی، پارٹی ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ 10 ہزار کارکن اسلام آباد ، راولپنڈی اور قریبی علاقوں میں پہنچ چکے ہیں ، پارٹی قیادت نے تمام عہدیداروں ، ایم پی ایز اور ایم این ایز کو اپنے حلقوں سے متحرک کارکنوں کو 24 نومبر سے قبل اسلام آباد ، راولپنڈی اور قریبی شہریوں میں پہنچنے کی ہدایات جاری کی تھیں ،پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ اس بار عمران خان کو نکالنے کا تہیہ کرلیا ہے، مینڈیٹ واپس کرنا ہوگا، مطالبات کی منظوری تک واپس نہیں جائینگے۔ ذرائع کے مطابق تمام کارکنوں کو خفیہ مقامات پر رہائش اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ، انتہائی اہم ذرائع نے جنگ کو بتایا کہ ہزارہ ڈویژن کےمخصوص کارکن ہری پور اور مری کے راستے اسلام آباد پہنچیں گے جبکہ جنوبی اضلاع کےمخصوص کارکن فتح جنگ اور متبادل راستوں سے اسلام آباد جائیں گے ، خیبرپختونخوا حکومت اور تحریک انصاف کے صوبائی ترجمان بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے جنگ کو بتایا ہے کہ 24 نومبر کو تحریک انصاف کے احتجاج کی راہ میں پیدا کی جانے والی ہر قسم کی رکاوٹوں کو ہٹانے کے لئے پورا بندوبست کیا گیا ہے، پہلے بھی اس طرح کی رکاوٹیں کھڑی کی گئی تھیں جنہیں پی ٹی آئی کے کارکنان اور عوام کاہجوم عبور کرکے اسلام آباد پہنچتا رہا ہے اور اسی طرح 24 نومبر کو بھی عوام کا سمندرپھر اسلام آباد پہنچے گا اس لئے جعلی حکومت رکاوٹیں کھڑی کرنے کی حماقت نہ کرے، کنٹینرز عوام کے جوش و جذبے کے سامنے ریت کی دیواریں ثابت ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور کی قیادت میں خیبر پختونخوا کا بہت بڑا قافلہ اسلام آباد پہنچے گا جو مطالبات کی منظوری تک واپس نہیں آئے گا، اس بار خیبر پختونخوا کے نوجوانوں نے عمران خان کو نکالنے کا مکمل تہیہ کر رکھا ہے، ان کا یہ پختہ عزم ہے کہ عمران خان اور تمام سیاسی قیدیوں کو نکال کر مینڈیٹ کو واپس کرنا ہوگا، تحریک انصاف پشاور کے صدر عرفان سلیم نے جنگ کو بتایا کہ پشاور کے 13 صوبائی حلقوں سے 65 ہزار اور قومی اسمبلی کے پانچ حلقوں سے 50 ہزار کارکنوں کو لے جانے کا ٹارگٹ ہے جس کیلئے انتظامات مکمل ہیں، پشاور سے صوبائی اسمبلی کے رکن حاجی فضل الٰہی نے جنگ کو بتایا کہ کارکن پرجوش ہیں اور مطالبات تسلیم کرنے تک واپس نہیں آئینگے۔ انہوں نے کہا کہ تمام اخراجات اپنی جیب سے برداشت کررہے ہیں جبکہ کارکن خود بھی تعاون کررہے ہیں، شوکت یوسف زئی نے جنگ کو بتایا کہ پاک فوج ہماری اپنی فوج ہے، تحریک انصاف کی فوج کیساتھ کوئی لڑائی نہیں ، پاک فوج ہمیں جان سے بھی زیادہ عزیز ہے ، جعلی حکومت نے سازش کے تحت فوج اور عوام کو لڑانے کی کوشش کی ، انہوں نے کہا کہ پرامن احتجاج ہمارا جمہوری حق ہے ہم ہر صورت اسلام آباد پہنچیں گے۔

اہم خبریں سے مزید