ملتان (سٹاف رپورٹر) سرائیکی صوبہ خطے میں بسنے والے ہر انسان کی ضرورت ہے، سرائیکستان لانگ مارچ کیلئے اقلیتی برادری بھرپور ساتھ دے گی۔ ان خیالات کا اظہار اقلیتی امن کمیٹی چولستان کے صدر گورو سکھ دیو جی نے وفد کے ہمراہ سرائیکستان قومی کونسل کے چیئرمین ظہور دھریجہ سے ملاقات کے دوران کیا۔ وفد میں ٹھاکر رام، امر لعل بھیل، جیرو ناتھ، منیر ناتھ، چولستانی سنگر دھرمو جی، سلطان رائے بھیل، میرا جی، اجو جی اور خواتین کی کثیر تعداد شامل تھی۔ گورو سکھ دیو جی نے کہا کہ وسیب کے مسائل کے حل ، صوبہ سرائیکستان کے قیام اور پاکستان کے استحکام کیلئے اقلیتی برادری ہر طرح کی قربانی دینے کیلئے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ہلاد مندر کی زیارت کے ساتھ ساتھ حضرت بہاؤالدین زکریا ملتانیؒ، حضرت شاہ رکن عالمؒ، شاہ شمس تبریز اور دیگر بزرگان دین کی حاضری کو لازم سمجھتے ہیں۔