• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لشکر کے ذریعے بانیٔ پی ٹی آئی کو رہا نہیں کروایا جا سکتا: اختیار ولی خان

ترجمان مسلم لیگ ن خیبر پختون خوا اختیار ولی خان — فائل فوٹو
ترجمان مسلم لیگ ن خیبر پختون خوا اختیار ولی خان — فائل فوٹو

ترجمان مسلم لیگ ن خیبر پختون خوا اختیار ولی خان کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کے مطالبات غیر منطقی اور بلاجواز ہیں، پی ٹی آئی کا کوئی مطالبہ قابل عمل نہیں، مذاکرات کرنا بھی چاہیں تو کس بات پر کریں، لشکر کے ذریعے بانیٔ پی ٹی آئی کو رہا نہیں کروایا جا سکتا۔

اختیار ولی خان نے پریس کانفرنس میں کہا کہ مہاجرین کیمپوں سے افغان مہاجرین کو احتجاج میں شامل کیا جا رہا ہے، وزیرِ تعلیم کے ذریعے اساتذہ کو بلیک میل کرکے احتجاج میں شامل کیا جا رہا ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ خیبر پختون خوا کے خزانے سے احتجاج پر کروڑوں روپے خرچ کیے گئے۔

ترجمان مسلم لیگ ن خیبر پختون خوا نے کہا کہ امریکی فرمز کی خدمات لے کر عمران خان کے لیے لابنگ کروائی جا رہی ہے، 24 نومبر کو پی ٹی آئی کی طرف سے احتجاج کی کال دی گئی ہے، تحریکِ انصاف کا احتجاج اسپانسرڈ ہوتا ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ یہ بلا وجہ بانیٔ پی ٹی آئی کی رہائی کا مطالبہ کر رہے ہیں، کیا کسی بھی جتھے کے کہنے پر قیدی کو رہا کیا جا سکتا ہے؟ 

اختیار ولی خان نے کہا کہ علی امین گنڈاپور نے بانیٔ پی ٹی آئی کو بتا دیا ہے کہ کسی صوبے سے کوئی نہیں آ رہا ہے۔

اُنہوں نے بتایا کہ علی امین گنڈاپور نے بانیٔ پی ٹی آئی کو احتجاج ملتوی کرنے کا بھی کہہ دیا ہے۔

 ترجمان مسلم لیگ ن خیبر پختون خوا نے کہا ہے کہ یہ پاکستان مخالف سرگرمیوں میں ملوث ہیں، یہ لوگ امریکی غلامی کے نعرے کو خود ہی دفن کر چُکے ہیں، ایک ایک وزارت کے 15 کروڑ لیے جا رہے ہیں۔

قومی خبریں سے مزید