وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللّٰہ تارڑ نے کہا ہے کہ فی الحال بانی پی ٹی آئی کی رہائی کا کوئی امکان نہیں ہے۔
اسلام آباد میں جیو نیوز سے گفتگو میں عطا تارڑ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی کا ابھی کوئی امکان نہیں، ابھی تک 9 مئی کے 8 مقدمات میں ضمانت نہیں ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ توشہ خانہ 2 میں بانی کی ضمانت ہوئی ہے، مقدمہ ابھی چل رہا ہے، مقدمے کےلیے بہت شواہد ہیں۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ ٹرائل کورٹ میں کیس آگے بڑھے گا تو ضمانت ختم بھی ہو سکتی ہے۔
مذاکرات کے سوال پر وزیر اطلاعات نے کہا کہ مذاکرات ہوئے بھی تو پی ٹی آئی کے پر امن رہنے کی ضمانت کون دے گا؟ ویسے بھی مذاکرات صوبوں اور وفاق میں ہوتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ بات سب کو پتہ ہے کہ 9 مئی کے احکامات پی ٹی آئی قیادت نے ہی دیے تھے، پی ٹی آئی کے رہنما 9 مئی کو مختلف مقامات پر سڑکوں پر تھے۔
عطا تارڑ نے یہ بھی کہا کہ جب تک 9 مئی کے مقدمات کا فیصلہ نہیں ہوتا تو یہ ملک میں کیا مثال بنے گی۔